’’موسم جدہ‘‘ کے باکسنگ مقابلوں میں عامر خان کی شرکت

387

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030ء کے تحت منائے جانے والے ’’موسم جدہ‘‘ تہوار میں مختلف پروگرامز اور تقاریب کا انعقاد جاری ہے۔ اس حوالے سے جدہ کے ساحل پر شمال سے جنوب تک بچوں کے جھولے، کھانے پینے کے اسٹال اور دیگر سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کے لیے میلہ لگا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں انٹرنیشنل باکسنگ ٹائٹل کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے بین الاقوامی فاتح باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے بھی جدہ میں ایک مقابلے سے قبل پریس کانفرنس میں صحافیوں سےبات جیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سعودی عرب میں ہونے والے باکسنگ مقابلوں کے بعد پاکستان میں بھی انٹرنیشنل باکسنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد کریں گے۔ جدہ میں ان کا مقابلہ آسٹریلیا کے بیلی ڈیب سے ہوگا۔ واضح رہے کہ باکسر عامر خان سعودی نوجوانوں کو باکسنگ کی تربیت بھی دیں گے۔
موسم جدہ کے عنوان سے سعودی عرب کی تاریخ میں ہونے والے پہلے باکسنگ کے مقابلوں کو دیکھنے کے لیے پاک فوج کے سابق سربراہ اور خلیجی اتحاد فوج کے کمانڈر راحیل شریف، پاکستان کے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری، سفیر پاکستان راجا علی اعجاز اور کئی دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ عامر خان کو منتظمین کی جانب سے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے غلاف ٹکرا بھی ہدیہ کیا گیا۔ موسم جدہ کی تقریبات 18 جولائی تک جاری رہیں گی۔