شہباز شریف کا خاندان اقبال جرم کرکے کرپشن سے توبہ کرلے، فردوس عاشق

271

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا خاندان اقبال جرم کرکے کرپشن سے توبہ کرلے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی امداد کا 8 کروڑ روپے کا سرکاری چیک براہ راست شہباز شریف کے داماد علی عمران کے ذاتی اکاؤنٹ میں جمع ہوا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اگر شہباز اینڈ سنز بشمول داماد سچے ہیں تو ملک سے کیوں بھاگے؟، ارتھ کویک ری کنسٹرکسن اینڈ ری ہیبی لٹیشن اتھارٹی (ایرا)کے افسر کے اعتراف کے بعد بہتر یہی ہے کہ شہباز شریف کا خاندان بھی اقبال جرم کرکے کرپشن سے توبہ کر لے، توبہ کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں، ا یرا کے افسر اکرام نوید نے نیب سے پلی بارگین کرتے ہوئے اپنے بیان حلفی کی صورت میں اس جرم کا اعتراف کیا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ لیگی ترجمان جھوٹ کو تحفظ دینے کے لیے جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں، لیکن جھوٹ کے پاں نہیں ہوتے، نوکری کی زنجیر میں جکڑے ن لیگی ترجمان کب تک چوری، کرپشن اور منی لانڈرنگ کا دفاع کریں گے، شہباز اینڈ سنز کے کالے دھن اور ٹی ٹیز کی فہرست اتنی طویل ہے کہ دفاع کرتے کرتے جلد ترجمانوں کے ہاتھ کھڑے ہوجائیں گے۔