آئی جی سندھ کی ہدایت پر پی پی اراکین اسمبلی سے اضافی سیکیورٹی واپس لے لی گئی

274

آئی جی سندھ کلیم امام کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کے کئی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت متعدد اہم شخصیات سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔

 تفصیلات کے مطابق حکومتی، سیاسی اور دیگر شخصیات کی سیکیورٹی پر پولیس ہیڈ کوارٹر سے اہلکار تعینات تھے جنہیں آئی جی سندھ کی ہدایت پر واپس ہیڈ کوارٹر طلب کر لیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے جن اراکین سے اضافی سیکیورٹی واپس لی گئی ہے ان میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور صوبائی وزیر شہلا رضا بھی شامل ہیں۔

دونوں وزرا کو دی گئی اضافی پولیس موبائلز کو ہیڈ کوارٹر طلب کر لیا گیا ہے، دونوں وزرا کی زندگیوں کو درپیش خطرات کے پیش نظر خصوصی خط جاری کیا گیا تھا اور وزیراعلی سندھ کے حکم پر ان شخصیات کو اضافی سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ پولیس سے کبھی اضافی سیکیورٹی نہیں مانگی، مجھے اور شہلا رضا کو پولیس نے سیکیورٹی خدشات سے متعلق آگاہ کیا تھا، پولیس نے خود ہی ہماری سیکیورٹی میں اضافہ کیا اور اب سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔

پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ سے بھی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ کئی دیگر اہم شخصیات کو خطرات کے پیش نظر وزیراعلی سندھ کے حکم پر دی گئی سیکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ہے۔