پاکستانی مافیا دھمکیاں دے کر بیرون ملک دولت کا تحفظ چاہتی ہے،وزیراعظم

142

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی مافیا رشوت کی پیشکش کر رہی ہے جبکہ اداروں کو بلیک میل کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دھمکیاں بھی دے رہی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے منی لانڈرنگ کرنے والوں کو سسلین مافیا قرار دے دیا۔اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سسلین مافیا کی طرح پاکستانی مافیا بھی اپنے لیے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مافیا منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک جمع کی گئی اپنی دولت کا تحفظ چاہتی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ریاستی اداروں اور عدلیہ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے جبکہ انہیں رشوت کی پیشکش کی جارہی ہے اور بلیک میلنگ اور دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں 1990ء میں اٹلی میں حکومت مخالف تشدد اور بم دھماکوں کے کیس میں اٹلی کے
سابق صدر جارجیو نپولیٹا نو کی شہادت پرمبنی میڈیا رپورٹ بھی شیئرکی جس میں مافیا کے ملوث ہونے کے بارے میں کہا گیا۔رپورٹ میں اٹلی کے سابق صدر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دھماکوں کا مقصد پورے نظام کو غیرمستحکم کرنے اور دبائو بڑھانا تھا۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ حضرت علیؓ کا قول ہے کہ ریاست کی تباہی کی وجہ غربت ہے جبکہ غربت کی اصل وجہ حکمرانوں کی دولت اکٹھا کرنے کی ہوس ہے۔ حکمران ناجائز ذرائع سے دولت کمائیں تو عوام غریب ہوتے ہیں۔ ہفتے کے روز ٹویٹر پر جاری پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غربت کی اصل وجہ حکمرانوں کی دولت اکٹھا کرنے کی ہوس ہے جب حکمران ناجائز ذرائع سے دولت کمائیں تو عوام غریب ہوتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے حضرت علی ؓکے فرمان کا حوالہ دیا جس کے مطابق کسی بھی ریاست کی تباہ حالی کی وجہ غربت ہے۔
عمران خان