عبدالغنی فٹبال ،خیبر مسلم نے کورنگی بلوچ کو4-0سے شکست دیدی

201

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حیدری بلوچ فٹبال کلب کے زہر اہتمام واجہ شہہ عبدالغنی بلوچ شہید فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں لیاری کے ککری گرائونڈ میں ایک میچ خیبر مسلم اور کورنگی بلوچ کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔اس میچ کو دیکھنے کے لیے شائقین فٹبال کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ میچ کے آغاز سے دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی اور اس کوشش میں میچ کے 25 ویں منٹ میں خیبر مسلم کی جانب سے جنید نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی اور پھر پہلے ہاف کے آخری لمحات میں خیبر مسلم کی طرف سے عزیز اللہ نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری دوگنی کردی اور اسی اسکور پر میچ کا پہلا ہاف اپنے اختتام کو پہنچا۔دو گول کی برتری کے ساتھ خیبر مسلم کی ٹیم نے دوسرے ہاف میں مخالف ٹیم کو مکمل دبائو میں رکھتے ہوئے دو مزید گول اسکورکیے۔ خیبر مسلم کی طرف سے بلال افریدی نے میچ کے 67 ویں اور عزیز اللہ نے 69 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے کامیابی دلادی۔اس طرح یہ میچ جیت کر خیبر مسلم کی ٹیم نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ اس میچ کو ریفری شاہنواز شانی نے سپروائز کیا جبکہ ڈپٹی ریفری کے فرائض عبدالباقی اور یوسف فیفا نے انجام دیے۔ میچ ریفری استاد عبدالطیف تھے ، میچ کمشنر میں مولابخش، جمیل احمد اور پیر محمد ہیرل شامل تھے۔ آج ٹورنامنٹ کے سلسلے میں پری کوارٹر فائنل کے دو میچز کھیلے جائیں گے۔پہلا میچ نیشنل شاہین اور اصلاح بلوچ کے درمیان شام 4 بجے جبکہ دوسرا میچ ٹکری بلوچ ماریپور اور گرین بلوچ ماریپور کے درمیان ساڑے 5 بجے کک آف ہوگا۔