بلوچستان میں مختلف حادثات کے دوران 4 افراد جاں بحق

337

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان میں مختلف حادثات کے دوران 4 افراد جاں بحق، 5 زخمی ہوگئے۔ ضلع پنجگور میں فائرنگ سے، ڈاکٹر جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق واقعہ وشبود میں میں پیش آیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے گھر کے اندر گھس کر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے ڈاکٹر فاروق نامی شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا، لاش ڈی ایچ کیو منتقل کی گئی جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثا اسے لے کر کراچی روانہ ہوگئے۔ قتل کی مختلف پہلوئوں سے تحقیقات جاری ہے۔ پشین کے علاقے علی زئی سے نامعلوم شخص کی لاش ملی، جسے شناخت کے لیے ڈٰسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ مقتول کو تشدد کرنے کے بعد قتل کیا گیا تھا۔ ضلع لورالائی کے علاقے دو سڑکہ میں ٹرک کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں گاڑی الٹنے کے باعث ایک شخص جاں بحق اور خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے جبکہ ہرنائی کے علاقے چیرفٹ میں موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔ دونوں افراد پکنک منانے ہرنائی جارہے تھے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہرنائی منتقل کردیا گیا۔