۔15 جولائی تک مطالبات پورے نہ ہوئے تو ریل کا پہیہ جام کریں گے

213

لاہور (آئی این پی) ریلوے ملازمین نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات15 جولائی تک تسلیم نہ کیے گئے تو وہ ریل کا پہیہ جام کریں گے۔ ریل مزدور اتحاد کے زیراہتمام کیرج ورکشاپ مغلپورہ میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں کہی گئی جس میں ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریل مزدور اتحاد کے احتجاجی مظاہرے میں شریک ملازمین نے مطالبات کیے کہ وزیراعظم پیکج اور کنٹریکٹ ملازمین کو فی الفور کنفرم کیا جائے، اسکیل ایک تا 16 کی اپ گریڈیشن کی جائے اور ٹیکنیکل الانس 50 فیصد دیا جائے۔ریلوے ملازمین نے احتجاجی مظاہرے میں حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ کیا جائے ۔ ریل مزدور اتحاد کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں شریک ملازمین نے اپنے مطالبات پر مبنی بینرز اٹھا رکھے تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریل کا پہیہ ریلوے ملازمین کی وجہ ہی سے رواں دواں ہے لیکن ظلم کی حد یہ ہے کہ ورکشاپوں سمیت دیگر شعبوں میں کام کرنے والے اسٹاف کو میٹریل تک مہیا نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے کام کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مظاہرین نے واضح کیا کہ اگر 15 جولائی تک ملازمین کو ان کا حق نہ دیا گیا تو پھر برآمد ہونے والے نتائج کی ذمہ دار انتظامیہ خود ہو گی۔پاکستان ریلوے کو ملک گیر سطح پر اس وقت سخت تنقید کا سامنا ہے کیونکہ ایک سال سے بھی کم عرصے میں ہونے والے 79 ریلوے حادثات نے اس کی کارکردگی پر متعدد سوالات ثبت کیے ہیں۔موجودہ حکومت کو گزشتہ چند روز کے دوران نان بائی ایسوسی ایشن، فلور ملز ایسوسی ایشن، ملک سیلرز ایسوسی ایشن اور نان روٹی ایسوسی سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ تنظیموں کی جانب سے ہڑتال کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔