تھر میں طبی سہولیات کیلیے وفاق کا تعاون اہم ہے،گورنر

184

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں شعبہ صحت ،موذی امراض کے خاتمہ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات ، عصر حاضر سے ہم آہنگ صحت کی ضروریات اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اسپتالوں میں دورحاضر سے ہم آہنگ طبی آلات کی فراہمی، ڈاکٹرز اور عملہ کی تربیت کے لیے مختلف پروگرامز شروع کرنے پر بھی بات چیت کی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے جاری مہم سے حوصلہ افزا نتائج حاصل ہوئے ہیں اور بہت جلد پاکستان بھی پولیو فری ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا ۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ تھر کے علاقوں میں طبی سہولیات ناکافی ہیں اس ضمن میں وفاق کا تعاون اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزانے گور نر سندھ کو بتایا کہ موجودہ حکومت مخیر افراد کے تعاون سے مختلف موذی امراض کے خاتمہ کے لیے مہم چلا رہی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت پورے ملک میں یکساں طبی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے وژن پر گامزن ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبہ سندھ کے لیے بھی صحت کے شعبے میںبھرپور تعاون کیا جارہا ہے ۔