معاشی ترقی کے بغیر ملکی استحکام اور خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا،ذکراللہ مجاہد

267

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے بغیر ملکی استحکام اور خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ معاشرے کی خوشحالی اور معاشی ترقی میں تاجر برداری کا بنیادی کردار ہے۔ حکومت تاجروں کو دبانے کے بجائے ان کے مسائل ان کے ساتھ مل بیٹھ کر حل کرے، جماعت اسلامی لاہورحکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف تاجروں کی جدوجہد کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجربرادری کے مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری نے ملکی تعمیر و ترقی میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔حکومت کی ناکام معاشی پالیسیاں اور عوام دشمن بجٹ کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں عوام کے ساتھ ساتھ تاجر برادری نے بھی موجودہ حکمرانوں پر عدم اعتماد کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کا حل ہی ملکی معیشت کو سہارا دینے کے مترادف ہے۔ موجودہ نااہل حکمران آئی ایم ایف کی غلامی کا ثبوت دینے کے بجائے ملک و قوم کے مفادات کے لیے معاشی پالیسیاں بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت عوامی مفادات کیلیے تاجر برادری کے ساتھ مل کر ٹیکس اصلاحات تشکیل نہیں دیتی تب تک مسائل کا حل ہو نا مشکل ہو جائے گا۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا حکومت نئے ٹیکس کے اجرا سے قبل تاجر برادری کو اعتماد میں لیتی اور پھر نئے ٹیکس لاگو کرتی لیکن حکومت کی عوام اور تاجر دشمن پالیسیوں نے عوام اور تاجروں کو سٹرکو ں پر آنے کے لیے مجبور کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے 11ماہ کی کارکردگی سے عوام کو شدید مایوس کر چکی ہے جو حکمرانوں کی نااہلی کو ثابت کرتا ہے۔ ناتجربہ کار حکومتی ٹیم نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پرلا کھڑا کردیا ہے۔