پیپلزپارٹی نے سندھ اسمبلی کے چہتے افسران پر کروڑوں خرچ کردیے

469

کراچی(رپورٹ : محمد انور)سندھ کے خزانے کو بے جا اخراجات کرکے مالی نقصان سے دوچار کرنے میں سندھ اسمبلی بھی ملوث نکلی۔سندھ اسمبلی نے اپنے افسران سمیت تمام عملے کو نہ صرف اعزازیے کی مد میں بلکہ ان کی گاڑیوں کی مرمت اور گاڑیوں کی پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں مجموعی طور پر کروڑوں روپے خرچ کردیے۔ یہ رقم مالی سال2018.2019ء کے بجٹ سے خرچ کی گئی ہے۔بجٹ دستاویزات کے مطابق سندھ اسمبلی کے سیکرٹری ، ڈپٹی سیکرٹری اور دیگر عملے کو بھی بہترین کارکردگی کی بناء پر اعزازیے سے نوازاگیا جو مجموعی طور پر 15 کروڑ روپے ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی سے وابستہ افسران
سمیت تمام ملازمین کو تنخواہوں کے ساتھ اضافی الاؤنس بھی دیا جاتا ہے۔ اس کے باوجود اعزازیے دینے کی وجہ سمجھ سے بالاہے۔ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اسمبلی کی گاڑیوں کے پیٹرول،ڈیزل اور آئل کی مد میں ختم ہونے والے مالی سال میں 5 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔اسی طرح کاروں وغیرہ کی مرمت پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کے اخراجات کیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام اخراجات میں مبینہ طور پر کرپشن کیے جانے کے شبہات ہیں تاہم اس بارے میں سالانہ آڈٹ کے نتیجے میں ہی حتمی بات سامنے آسکے گی۔
خزانے کو نقصان