فیڈرر نے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹس کی تاریخ میں فتوحات کی سنچری مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی

447

 

لندن (جسارت نیوز) شہرہ آفاق سوئس ا سٹار راجر فیڈرر نے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹس کی تاریخ میں فتوحات کی سنچری مکمل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، وہ کسی بھی گرینڈ سلام چیمپئن شپ میں 100 کامیابیاں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے، انہوں نے ومبلڈن اوپن کوارٹر فائنل میں نیشکوری کو ہرا کر ومبلڈن اوپن کیریئر کی 100ویں فتح حاصل کر کے یہ سنگ میل عبور کیا، دفاعی چیمپئن جوکووچ، نڈال اور باٹسٹا ایگٹ بھی سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ لندن میں سال کے تیسرے گرینڈ سلام ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز کوارٹر فائنلز میں سوئس ا سٹار فیڈرر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپانی حریف کائی نیشکوری کو 4-6، 6-1، 6-4 اور 6-4 سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، فیڈرر نے ومبلڈن اوپن کیریئر کی 100ویں فتح کو اپنے نام کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نئی تاریخ رقم کر دی، دفاعی چیمپئن جوکووچ نے ڈیوڈ گوفن کو 6-4، 6-0 اور 6-2 سے زیر کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، ہسپانوی اسٹار نڈال بھی کوارٹر فائنل رکاوٹ عبورکرنے میں کامیاب رہے، انہوں نے ثام قیوری کو شکست فاش سے دوچار کیا، اسپینش کھلاڑی باٹسٹا ایگٹ نے ارجنٹائن کے گوئیڈو پیلا کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ سیمی فائنلز میں فیڈرر کو نڈال اور جوکووچ کو باٹسٹا ایگٹ کا چیلنج درپیش ہو گا۔