عوام نے ٹرینوں میں سفر کرنا بند کردیا تو ترقی کیسے ہوگی؟ سعد رفیق

383

لاہور (نمائندہ جسارت) سابق وزیر ریلوے اور مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سعد رفیق نے رحیم یار خان ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں نے ٹرین میں سفر کرنا بند کر دیا تو ترقی کیسے ہوگی؟ عمران خان اور ان کے وزیروں سے گزارش ہے کہ عوام پر رحم کریں، اپوزیشن حکومت گرانا نہیں چاہتی، حکومت کہہ رہی ہے سب ٹھیک ہے، کچھ ٹھیک نہیں، جب حکومت بدلتی ہے تو ہم جیل چلے جاتے ہیں، یہ کوئی نئی بات نہیں ہے، حکومت ہر طبقے کے ساتھ حالت جنگ میں آچکی ہے، کیا اس طرح ملک چل سکتا ہے؟۔ لاہور کی احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روزانہ گاڑیاں پٹریوں سے اتر رہی ہیں اور ٹکرا رہی ہیں، لوگوں نے ٹرین میں سفر کرنا بند کردیا تو ترقی کیسے ہوگی۔ انہوں نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک سال میں ملک کو 5 سال پیچھے لے گئے، مہنگائی سے ہر طبقہ پریشان ہے، کراچی میں تاجروں کی وزیراعظم سے ملاقات بے سود رہی۔ وزیراعظم تاجروں کو مطمئن نہیں کرسکے۔ سیاسی درجہ حرارت بڑھ رہا ہے، ایسے ملک نہیں چل سکتا۔