قوم کی اصل کامیابی ملک میں نظام مصطفیؐ کا نفاذ ہے ، راشد نسیم

279

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے منصورہ میں جاری5 روزہ مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی قوم کی اصل کامیابی ملک میں نظام مصطفیؐ کا نفاذ ہے ۔ قیام پاکستان کے لیے دی گئی لاکھوں جانوں کی قربانی اور بہنے والا مقدس خون آج بھی ہم سے مطالبہ کررہاہے کہ ہم غلبہ دین کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں ۔ جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد کا مقصد پاکستان کو اسلامی نظام کے غلبے کی منزل سے ہمکنار کرناہے ۔ انہوںنے کہاکہ قوم نے70 سال میں مختلف سیاسی جماعتوں کو بار بار آزمایا ، تبدیلی کے نام پر برسراقتدار آنے والے بھی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کی طرح ناکامی سے دوچار ہوچکے ہیں ۔ موجودہ حکومت نے 10 ماہ کے مختصر عرصے میں ہی عوام کو بری طرح مایوس کردیاہے ۔ پاکستان کا ہر شہری ہر چیز پر ٹیکس دے رہاہے ۔ دودھ ، روٹی ، چینی اور ضرورت کی ہر چیز پر کئی گنا ٹیکس بڑھا دیا گیاہے ۔ مہنگائی ، بے روزگاری اور ٹیکسوں کی بھر مار سے عوام شدید ذہنی کرب اور بے چینی کاشکار ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کی پریشانیوں اور ملک و قوم کے مسائل کا حل صرف اسلامی نظام ہے ۔