اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے حماس کا کمانڈر شہید

90
غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے قسام بریگیڈ کے مجاہد محمود ادہم کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں
غزہ: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے قسام بریگیڈ کے مجاہد محمود ادہم کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں

غزہ (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے غزہ میںفائرنگ کرکے فلسطینی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر کو شہید کر دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق شمالی غزہ میں بیت حانون کے مقام پر اسرائیلی فوج کی اندھا دھند فائرنگ سے زخمی ہونے والا القسام کارکن اسپتال میں جان کی بازی ہار گیا۔ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینیوں کے 2گروپوں پر گولیاں چلائی تھیں۔ ادھر جنوبی غزہ میں رفح کے مقام پر بھی اسرائیلی فوجیوں نے حماس کے ایک گروپ پرفائرنگ کی، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری بیان میں اپنے کارکن کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینی کی شناخت محمود ادہم کے نام سے کی گئی ہے۔ ادہم القسام کی حمات ثغوریونٹ میں شامل تھا۔ دوسری جانب مصری انٹیلی جنس کا وفد اسرائیلی حکا م کے ساتھ ملاقا ؤت کے لیے تل ابیب پہنچ گیاہے۔ اسرائیلی حکام سے ملاقات کے بعد غزہ میں جنگ بندی کو مستحکم کرنے لیے مصری انٹیلی جنس عہدے دار رام اللہ اور غزہ کا بھی دورہ کریں گے۔ ادھر اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوب میں القرارہ قصبے کے مشرق میں زرعی زمینوں پر مشین گن سے فائرنگ کی۔ اس کے علاوہ اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے شمالی ساحلی علاقے میں فلسطینی ماہی گیروں اور ان کی کشتیوں پر فائرنگ کی تاہم اس دوران کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔