جج کی مبینہ وڈیوکی جانچ کیلیے عدالت عظمیٰ میں درخواست دائر

305

اسلام آباد(صباح نیوز)احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ وڈیوکی جانچ کے لیے عدالت عظمیٰ میں اشتیاق احمد مرزا نے ایڈووکیٹ چودھری منیر صادق کے ذریعے آئینی درخواست دائر کردی گئی ۔درخواست میں وفاقی حکومت ،شہباز شریف ، مریم صفدر ،شاہد خاقان عباسی اور راجہ ظفر الحق ،وڈیو کے مرکزی کردار ناصر بٹ اور پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدلیہ کے وقار کو برقرار رکھنے کے لیے ملوث افراد کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ 6جولائی کو مریم صفدر اور دیگر نے پریس کانفرنس میں جج ارشد ملک اور ناصر بٹ کے درمیان بات چیت کی جووڈیو پیش کی اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ عدلیہ آزاد نہیں ،بلیک میل ہوتی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے جج ارشد ملک اپنی پریس ریلیز میں مریم نواز کے الزامات ماننے سے انکار کرچکے ہیں۔ جج ارشد ملک کی پریس ریلیز میں رشوت کی آفر کرنے کی بات سنجیدہ نوعیت کی ہے۔ مریم نواز کے الزامات توہین عدالت کے زمرے میں آتے ہیں۔ وفاقی حکومت کو ہدایت کی جائے کہ عدلیہ کی آزادی کے لیے اقدامات کرے۔