افواہوں اور بینرزاُتارنے سے ہڑتال نہیں رکے گی‘ اسمال ٹریڈرز

402

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے تاجروں نے ہفتہ 13جولائی کو مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے، کراچی رابطہ کونسل اور اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کے زیر اہتمام محبوب اعظم کی زیر صدارت تاجر نمائندہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سود خور مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کا بنایا ہوا تاجر دشمن بجٹ کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔ انتظامیہ نے پر امن ہڑتال میں رکاوٹیں ڈالیں تو دمادم مست قلندر ہو گا ۔تاجر جعلی لیڈروں کے بیانات اور افواہوں پر کان نہ دھریں ۔ اجلاس سے بولٹن مارکیٹ کے رہنما رفیق جدون ، اسمال ٹریڈرز کے سینئر نائب صدر سید لیاقت علی ، محمود حامد ، اسپورٹس مارکیٹ کے صدر سلیم ملک ، آصف قریشی ، میٹھا در کے نعیم ذکی ، انجمن تاجران کے جاوید شیخ ، کنفکشنری ایسوسی ایشن کے جاوید عبد اللہ ، طارق روڈ ٹریڈرز کے اسلم بھٹی ، پرنٹنگ ایسوسی ایشن کے آصف احمد ، عرفان نعیم ، مچھی میانی مارکیٹ کے عبد الحمید بادلہ ،عارف کوئٹہ والا، صدر ٹریڈرز کے رہنما عبد الصمد ، ناز پلازہ الیکٹرونکس کے رہنما نوید احمد ، اردو بازار کے رہنما اقبال یوسف اور دیگر نے خطاب کیا ۔ محبوب اعظم نے کہا کہ انتظامیہ ہمارے ہڑتال کے بینرز اُتار رہی ہے اورہمارے اجلاس میں بھی مقامی انتظامیہ نے روکاٹیں ڈالیں اور ہال کی انتظامیہ کو بکنگ منسوخ کر نے کے لیے دبائو ڈالا ۔ پولیس نے رات کو ہمارے کارکنان کو بینرز لگانے سے بھی روکا ہم ان تمام ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں اور یہ اعلان کرتے ہیں کہ 13جولائی کی ہڑتال اٹل ہے ۔ انجمن تاجران بولٹن مارکیٹ کے رہنما رفیق جدون نے کہا کہ تاجروں کو کمزور سمجھنے والے غلط فہمی میں ہیں ۔ تاجرکراچی سے خیبر تک متحدہیں ۔ اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد نے کہا کہ تاجروں کو کمزور سمجھ کر دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ۔ حالیہ بجٹ بیرونی اشاروں پر بنایا گیا ہے جس کا مقصد غریب عوام کا خون چوس کر آئی ایم ایف کے سود کی ادائیگی ہے ۔ ملک میں بیرونی این جی اوز کے اشارے پر کراچی کی مارکیٹیں مسمار کر کے 6500تاجروں کو فاقہ کشی کے جہنم میں دھکیل دیا گیا ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بے روزگار کیے گئے دوکانداروں کو متبادل دوکانیں دی جائیں ۔ جاوید شیخ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے بجٹ سے ملک ایک بیرونی مال کی منڈی بن جائے گا۔ عوام اور تاجر فاقہ کشی پر مجبور ہیں ۔ اسمال ٹریڈرز کے رہنما سید لیاقت علی نے کہا کہ تاجر متحد ہیں اور اپنے اتحاد کے بل پر آئی ایم ایف کے ایجنڈے کو شکست ِ فاش دیں گے ۔