کرپشن اور غربت کے خاتمے کیلیے اقدامات کر رہے ہیں، صدر مملکت

317

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بدعنوانی کو غربت کی ایک بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بدعنوانی اور غربت کے خاتمے کیلیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، تعلیم اور صحت کی بہتری سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا کر لوگوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لائی جاسکتی ہے، لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے ہی نئے پاکستان کی تشکیل ممکن ہے، احساس پروگرام غربت کے خاتمے میں معاون ثابت ہوگا، وزیراعظم عمران خان بھی تعلیم وصحت اور دیگر مسائل کے حل کا عزم رکھتے ہیں اور انہوںنے اس ضمن میں کئی پروگرام بھی شروع کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے زیر اہتمام غربت کے خاتمے سے متعلق ایک روزہ
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ماضی میں غربت سمیت بڑے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل نہیں کیا گیا۔ بدعنوانی کا غربت سے براہ راست تعلق ہے۔ عوام کو غربت سے نکال کر معاشرے کا فعال شہری بنایا جا سکتا ہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد کو غربت کاشکار دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ صدر نے مختلف قرآنی آیات اور احادیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں کمزور طبقات کی بہبود پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، اسلام میں بیت المال کا مقصد بھی غربت کاخاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے حکومت نے جو احساس پروگرام شروع کیا ہے وہ بہت اہمیت کا حامل ہے اس میں معاشرے کے پسماندہ طبقات، بیروزگاروں اور غریب ترین افراد پر توجہ دی گئی ہے تاکہ انہیں اپنے پائوں پر کھڑا کرکے معاشرے کا فعال شہری بنایا جاسکے کیونکہ کمزور اور پسے ہوئے طبقات کی بہبود ریاست کی ذمے داری ہو تی ہے۔
صدر مملکت