ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا

437
مانچسٹر: نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں ویرات کوہلی آئوٹ ہونے پر امپائر سے الجھتے ہوئے ،دوسری طرف بیٹ کو فضا ء میں اچھال کر غصے کا اظہار کررہے ہیں
مانچسٹر: نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں ویرات کوہلی آئوٹ ہونے پر امپائر سے الجھتے ہوئے ،دوسری طرف بیٹ کو فضا ء میں اچھال کر غصے کا اظہار کررہے ہیں

مانچسٹر (جسارت نیوز) نیوزی لینڈ کی ٹیم 12ویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ فائنل میں پہنچ گئی، کیوی ٹیم نے ٹائٹل فیورٹ بھارت کو سیمی فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد 18 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، کیوی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، روز ٹیلر نے 74 اور کین ولیمسن نے 67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کے ٹوٹل کو فائٹنگ بنایا، جواب میں بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب میں آخری اوور کی تیسری گیند پر 221 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ نے 24 کے اسکور پر حریف ٹیم کی 4 وکٹیں گرا کر اس کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی، روہت شرما، ویرات کوہلی اور لوکیش راہول 1، 1 رن بنا سکے، 92 کے ا سکور پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد جدیجا اور دھونی نے 7ویں وکٹ کی شراکت میں 116 رنز بنا کر ٹیم کو دوبارہ جیت کی امید دلوائی تاہم بولٹ نے 77 کے انفرادی ا سکور پر جدیجا کو آئوٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، دھونی کی فائٹنگ ففٹی بھی ٹیم کے کام نہ آئی، ہنری نے 3، سینٹنر اور بولٹ نے 2، 2 فرگوسن اور نیشم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، ہنری میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ گزشتہ روز مانچسٹر میں ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کیوی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے، کیوی ٹیم شروع سے ہی دبائو میں نظر آئی اور پہلے 2 اوورز میں وہ رنز کا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہی، تیسرے اوور میں صرف ایک رن بن سکا جبکہ چوتھے اوور کی تیسری گیند پر بمرا نے مارٹن گپٹل کو آئوٹ کر کے حریف ٹیم پر دبائو مزید بڑھا دیا، گپٹل صرف 1 رن بنا سکے، اس موقع پر کپتان کین ولیمسن اور ہنری نیکولز نے ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی تاہم 69 کے ا سکور پر جدیجا نے نیکولز کو آئوٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، وہ 28 رنز بنا سکے، اس کے بعد روز ٹیلر نے ولیمسن کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے 65 اہم رنز جوڑے، 134 کے ا سکور پر کیوی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا جب ولیمسن 67 رنز بنانے کے بعد چھاہل کی گیند کا نشانہ بنے، جیمز نیشم 12 رنز بنا کر پانڈیا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، کولن ڈی گرینڈ ہوم کا بلا بھی نہ چلا اور 16 رنز بنا سکے، انہیں کمار نے اپنا شکار بنایا، نیوزی لینڈ نے 46.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی اور میچ کو ریزرو ڈے تک موخر کر دیا گیا، بدھ کو کیوی ٹیم نے 46.1 اوورز 211 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ اننگز شروع کی تو کیوی ٹیم مجموعی اسکور میں 28 رنز کا اضافہ کر سکی، ٹیلر 74 رنز بنا کر نمایاں رہے، لیتھم 10 اور میٹ ہنری 1 رن بنا کر آئوٹ ہوئے، مچل سینٹنر 9 اور ٹرینٹ بولٹ 3 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، بھونیشور کمار نے 3، جسپریت بمرا، ہرڈک پانڈیا، یزویندرا چھاہل اور روندرا جدیجا نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 49.3 اوورز میں 221 رنز پر ڈھیر ہو گئی، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 رنز پر روہت شرما، ویرات کوہلی، لوکیش راہول اور کارتھک کو آئوٹ کر کے حریف ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی، شرما، کوہلی اور راہول 1، 1 جبکہ کارتھک 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر ریشبھ پانٹ اور ہرڈک پانڈیا نے ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی تاہم 71 کے اسکور پر مچل سینٹنر نے پانٹ کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 32 رنز بنائے، 92 کے اسکور پر بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا جب پانڈیا 32 رنز بنانے کے بعد سینٹنر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اس موقع پر جدیجا اور دھونی حریف بولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7ویںوکٹ کی شراکت میں 116 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو دوبارہ جیت کی امید دلوائی لیکن 208 کے اسکور پر بولٹ نے جدیجا کو آئوٹ کر کے بازی پلٹ دی، انہوں نے 59 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی، 216 کے سکور پر بھارتی ٹیم کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب دھونی 50 رنز بنانے کے بعد فرگوسن کی گیند پر رن آئوٹ ہو گئے، کمار بغیر کوئی رن بنائے فرگوسن کی گیند پر بولڈ ہوئے، چھاہل 5 رنز بنا کر نیشم کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، ہنری نے 3، بولٹ اور سینٹنر نے 2، 2 فرگوسن اور نیشم نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔