ہمارا جمہوری سیاسی نظام شخصیتوں اور خاندانوں کے دبائو کا شکار ہے

190

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیرمیاںاجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ غربت، جہالت، سماجی مسائل اور بے روزگاری بڑے مسائل ہیں۔ ملک میں حکمرانوں کی عاقبت نا اندیش پالیسیوں سے امیر اور غریب کے درمیان فاصلہ بڑھتا جا رہا ہے اور سرمایہ دارانہ معاشی استحصال کی وجہ سے عوام ہر روز غربت کی لکیر کے نیچے جارہے ہیں۔ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ ہمارا جمہوری سیاسی نظام شخصیتوں اور خاندانوں کے دبائو کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت گونا گوں مسائل کا شکار ہے۔ آزادی کے71 سال بعد بھی عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ آج تک ہر حکمران نے خواہ اس کا تعلق آمریت سے ہویا جمہوریت سے صرف اور صرف اپنے اقتدار کو مضبوط کرنے کے علاوہ کوئی بھی ایسا کام نہیں کیا جس سے اس ملک کی تقدیر بدلی جاسکتی۔ملک کے تقریباً ہرشعبے میں کرپشن کا بول بالاہے۔ سول بیوروکریسی ہو یا تعلیمی ادارے، سرکاری محکمے ہوں یا کھیل کے شعبے، صحت کے ادارے ہوں یا مالیاتی ادارے، کرپشن ہرجگہ سرائیت کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نئی نسل ملک کو ترقی کی راہ پر دیکھنا چاہتی ہے،وہ کسی صورت خودکو کم نہیں سمجھتے، ان میں کچھ کردکھانے کی صلاحیت ہے،وہ محب وطن بھی ہیں اور انھیں بے لو ث اندازمیں ملک کی خدمت کرنے کی فکر بھی ہے۔ نوجوان چاہتے ہیں کہ ملک میں استحکام ہو،ملک کواندرونی انتشارسے پاک کیاجائے۔ دور حاضر کے تقاضوں کے تحت ملک میں ٹیکنالوجی کاانقلاب بھی نئی نسل کاخواب ہے۔ رہنمائوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کربلاشبہ آگے کی سمت لیجایاجاسکتاہے۔ ان شا ء اللہ وہ دن دورنہیں جب ملک میں ترقی اور خوشحالی آئے گئی اور پاکستان اقوام عالم میں صف اول میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائے گا۔