امریکی گلوکارہ نکی مناج نے سعودی عرب میں کنسرٹ منسوخ کردیا

1018

مشہور امریکی گلوکارہ نکی مناج نے 18جولائی کو جدہ میں ہونے والاخواتین کےحقوق کی حمایت میں کیا جانے والا کنسرٹ منسوخ کردیا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کے زیر اہتمام انسانی حقوق فاؤنڈیشن نے جمعے کے روز نکی مناج کو خط لکھا جس میں انہیں جدہ میں ہونے والے ثقافتی میلےمیں شرکت نہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اے ایف پی کی خبر کےمطابق نکی مناج نے بے شمار تنازعات کے باعث جدہ میں ہونے والے اپنے کنسرٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔

رواں ماہ کے آغاز میں ثقافتی میلے کے منتظمین نے ٹوئٹر پر اطلاع دی تھی کہ نکی مناج 18جولائی کو سعودی عرب کی مقدس سرزمین پر اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی ۔

فیسٹول میں نکی مناج کے کنسرٹ  کی خبریں منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر فیسٹیول منعقد کرنے والے عہدیداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا اور ناراضی کا اظہار بھی کیا جارہا تھا۔

دورہ سعودی عرب کے دوران نکی مناج اپنی نئی ویڈیوز بھی لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی تھیں۔ دورے میں نکی کے ہمراہ برطانوی گلوکار لیام پائن اور امریکی ڈی جے اسٹیو اوکی بھی شامل تھے۔ اس فیسٹیول کو معروف امریکی و برطانوی ٹی وی چینلوں پر نشر کیا جانا تھا ۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ثقافتی میلے میں برطانوی موسیقار لیام پین اور امریکی ڈی جے اسٹیو اوکی شیڈول کے مطابق اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

واضح رہے کہ نکی مناج فحش پرفارمنس، جنسیت کی جانب راغب کرنے والی شاعری، بھڑکیلے اور انتہائی نامناسب لباس پہن کر پرفارمنس کرنے کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں۔

نکی مناج نے 2007 میں گلوکاری کی شروعات کی اور آغاز میں ہی نیم عریاں اور فحش پرفارمنس کی وجہ سے وہ دنیا بھر کے نوجوانوں میں مقبول ہوگئیں۔ گلوکارہ اب تک 300 سے زائد گانوں میں پرفارمنس دے چکی ہیں اور انہوں نے متعدد عالمی ایوارڈ اپنے نام کر رکھے ہیں۔

واضح رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے انٹرٹینمنٹ کیلئے آئندہ ایک دہائی میں 64 ارب ڈالر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایسے وقت میں کنسرٹ ہو رہا ہے جب شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ملک کو قدامت پسند معاشرے سے نکال کر آزاد خیال معاشرے کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔

سعودی عرب میں گزشتہ چند سال سے کافی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں اور وہاں گزشتہ برس سینماؤں پر عائد پابندی کو ہٹاتے ہوئے فلموں کی نمائش کی اجازت دی گئی تھی۔