ہرماہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ تشویشناک ہے، حسین محنتی

204

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر رواں ماہ گیس کی قیمت میں 200 فیصد اوربجلی کی قیمت میں 31فیصد اضافے کے بعد اگست میں ایک بار پھربجلی کی قیمت میں اضافے کے آئی ایم ایف کے مطالبے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی کی دعویدارموجودہ حکومت کی جانب سے گزشتہ 10 ماہ میں بجلی،گیس، پیٹرول، دوائوں اورخورونوش کی اشیا پر ٹیکسوں کی بھرمار اور قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عام آدمی کا جینا دوبھر کردیا گیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ ڈالر کو بے لگام اور موجودہ دور کی ایسٹ انڈیا کمپنی آئی ایم ایف کی خواہشات کی تکمیل کے لیے ملک کو گروی اور عوام کو غلام بنایا جارہا ہے،سیاست کو خدمت کے بجائے گالی اور احتساب و اداروں کو متنازع بناکرملک کی جڑیں کھوکھلی کی جارہی ہیں جبکہ عوام کو کسی قسم کا بھی ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ہر روز مہنگائی کی ڈرون بمباری جاری ہے۔ 50 لاکھ گھر،2 کروڑ نوکریاں اور بیرون ملک لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کے تمام دعوے جھوٹ کا پلندا ثابت ہوئے ہیں ،پی ٹی آئی حکومت تبدیلی کے نام پر ملک اور عوام پر عذاب کی شکل میں مسلط ہوچکی ہے،حکمران احتساب کے شور میں ہر روز عوام پر مہنگائی کی بمباری جاری رکھے ہوئے ہیں ،عوام کی شیراور تیر کے ہاتھوں زخم کھانے کے بعد اب بلے سے پٹائی جاری ہے اور ان کی چیخیں نکل رہی ہیں جھوٹوں اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات اور اپنی آئندہ نسلوں کی ترقی،ملک کی خوشحالی اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اب عوام کو جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دینا ہوگا، جماعت اسلامی حکومت کے ظالمانہ اقدامات اور مہنگائی کے سونامی کے آگے بند باندھنے کے لیے میدان عمل میں موجود ہے ،عوام ہمارا ساتھ دیں تاکہ ان ظالم اور آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل ہوسکے۔