معیاری تعلیم حاصل کرنا سب کا بنیادی حق ہے، پی ایس ایف

144

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) وی وانٹ یونیورسٹی ان میرپورخاص اور پیپلز اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے مشترکہ وفد نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کالج (ایس ایے ایل) انتظامیہ اور ریجنل ڈائریکٹر کالجز انتظامیہ سے شاہ عبداللطیف بھٹائی کالج کی داخلہ پالیسی سال برائے 2019ء کے حوالے سے بات کی۔ اس موقع پر مشترکہ وفد نے کالج پرنسپل سے داخلہ پالیسی پر نظرثانی کی درخواست کی اور کہا کہ معیاری تعلیم حاصل کرنا سب کا بنیادی حق ہے، اس لیے بی اور سی گریڈ والے طلبہ کو بھی کالج میں ایڈمیشن دیا جائے۔ اس موقع پر کالج پرنسپل نے کہا کہ کالج میں طلبہ کے بیٹھنے کی گنجائش کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کالج میں سہولیات نہ ہونے کے برابر ہے، اس لیے کالج کمیٹی کی جانب سے ایڈمیشن پالیسی بنائی گئی ہے کہ صرف اے ون اور اے گریڈ کو ہی ایڈمیشن دیا جائے گا۔ کالج پرنسپل نے دو ٹوک الفاظ میں بی اور سی گریڈ کو اس سال کالج میں ایڈمیشن دینے سے منع کردیا جس کے بعد مشترکہ وفد نے ریجنل ڈائریکٹر کالجز میں ڈپٹی ڈائریکٹر خالد محمود سے ملاقات کی جنہوں نے مشترکہ وفد کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ جلد اس مسئلے کو حل کرلیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نے ریجنل ڈائریکٹر کالجز میر چند اوڈ سے فون پر بات کی جس پر ریجنل ڈائریکٹر نے تین دن میں اس مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کراوئی۔ مشترکہ وفد جس میں ناصر اقبال، پیر مظہر جان سرہندی، مرتضیٰ مبیجو، اویس ملک، فاروق چاکی، علی رضا اور مبارک علی نے فیصلہ کیا کہ اگر تین دن کے اندر ایڈمیشن پالسی پر نظر ثانی نہیں کی گئی تو پریس کلب اور کالج کے سامنے پُرامن احتجاج کیا جائے گا۔