زرداری کا نومبر سے قبل حکومت کے خاتمے کا دعویٰ

300
اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صنعت و پیداور کے اجلاس سے گفتگو کررہے ہیں
اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صنعت و پیداور کے اجلاس سے گفتگو کررہے ہیں

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک +آن لائن +اے پی پی)سابق صدرمملکت آصف علی زرداری نے نومبر سے قبل حکومت کے خاتمے کا دعویٰ کردیا۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت جا رہی ہے، ان کی حکومت جانے میں 4 سے 5ماہ لگیں گے۔اس دوران صحافی نے سوال کیا کہ اگر یہ جا رہے ہیں تو آئے گا کون ؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی قوتیں آئیں گی، عمران خان کی حکومت بٹن دبانے سے نہیں بلکہ جدوجہد سے جائے گی اور اپوزیشن جدوجہد کر رہی ہے، ہماری جدوجہد سے عمران خان کی حکومت نومبر سے قبل چلی جائے گی۔ان کا کہنا ہے کہ مستقبل بلاول اور مریم نواز کا ہے اور اب ہم ان کو گائیڈ لائن دیں گے، مریم نواز ہماری بیٹیوں جیسی ہے ہم انہیں مشورہ دیتے رہیں گے۔سابق صدر نے راجا ظفرالحق سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ سینیٹ میں اکثریت (ن )لیگ کی ہے،ہو سکتا ہے نیا چیئرمین ان کا ہی ہو، راجا ظفر الحق سے متعلق مریم نواز سے پوچھیں مجھ سے نہیں۔اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں ہم سے غلطیاں بھی ہوئیں، کوشش ہوگی آئندہ ایسا نہ ہو، اپوزیشن جماعتیں آئندہ ہوشیار رہیں گی کیوں کہ ہماری کمزوریوں کا انعام ہی عمران خان ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق آ صف زرداری نے کہا کہ شروع دن سے کہہ رہا ہوں نواز شریف کی صحت خراب ہے، نوازشریف کو کم از کم گھر میں نظر بند کیا جائے۔پروڈکشن آرڈر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنا پارلیمانی روایات کے خلاف ہے، آج ہوسکتا ہے میرے آخری پروڈکشن آرڈر ہوں لیکن 2020ء پاکستان کی بہتری کا سال ہوگا۔آصف زرداری کے مطابق یہ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشین بینک سے قرضے لینے جا رہے ہیں،یہ ایسے ادارے ہیں جو آپ کے سفارتخانے ضبط اور ائرلائن روک لیں گے، مشیر خزانہ ٹیکنو کریٹ ہیں اور وہ ایسی باتیں سمجھتے نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سویلین مارشل لاء ہے، سویلین کردار ہوگا تو سویلین حکومت بنے گی،آل پارٹیز حکومت بنتی ہے یا الیکشن ہوتے ہیں یہ وقت بتائے گا۔ایک سوال کے جواب میںان کا کہنا تھا کہ خاص لوگ ہیں جو ڈرائی کلین نہیں ہو رہے ہیں لیکن ڈرائی کلین کے باوجود جن میں میل رہ رہا ہے وہ پکڑے جا رہے ہیں۔علاوہ ازیںآن لائن کے مطابق پیر کو سابق صدر آصف علی زرداری احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں سماعت کے لیے پہنچے تو وہاں پر موجود صحافیوں میں سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ کو عدالت سے انصاف کی امید ہے جس پر آصف زرداری سیخ پا ہوگئے اور غصے میں آکر صحافی کا موبائل چھین لیا،کچھ دیر کی سزا کے بعد صحافی کو موبائل واپس کردیا ۔علاوہ ازیںاسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ملزم ڈاکٹر ڈنشاء کی بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت 10جولائی تک ملتوی اور جعلی بینک اکاؤنٹس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی غلام قادر مری کی عبوری ضمانت 22 جولائی تک منظور کر لی جب کہ جعلی بینک اکائونٹس کے میگامنی لانڈرنگ کیس میں مرکزی ملزم اومنی گروپ کے خواجہ انور مجید کی درخواست ضمانت پر میڈیکل رپورٹس طلب کرلیں۔