سندھ حکومت کی 3 درجن اسامیوں پربلدیہ کراچی کے افسران قابض

170

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اپنی اجارہ داری قائم کرنے کے لیے سندھ گورنمنٹ کے افسران کے لیے مخصوص درجنوں اسامیوں پر کے ایم سی آفیسرز کا تقرر کردیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سندھ کونسل یونیفائد گروپ ( ایس سی یو جی ) کے لیے کراچی سمیت مختلف بلدیاتی اداروں میں قواعد و ضوابط کے تحت اسامیاں مخصوص ہیں جن پر صرف اسی گروپ کے افسران یا سندھ حکومت
کے افسران کو متعین کیا جاسکتا ہے۔ لیکن حکام کو حال ہی میں پیش کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ بلدیہ کراچی میں کم و بیش 3 درجن ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر ، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اکاوئنس افسران کی اسامیوں پر کے ایم سی افسران کو تعینات کردیا گیاہے جبکہ کے ایم سی کی تیسری بڑی اور اہم پوسٹ مشیر مالیات پر بھی قائم مقام افسر کے طور پر کے ایم سی افسر کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں بلدیہ عظمیٰ کے ذمے داروں کو کہنا ہے کہ چونکہ حکومت کی جانب سے مذکورہ اسامیوں پر افسران کا تقرر نہیں کیا جاتا جس کے باعث نظام چلانے کے لیے کے ایم سی کے افسران کو بطور اضافی ڈیوٹی ان پوسٹس پر متعین کیا جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے ایم سی کے فنانشل ایڈوائزر جیسی اہم اسامی پر بھی اپنے کسی افسر کو تعینات کرنے سے گریز کررہی ہے ، بلدیہ عظمیٰ کے افسر کو اس پوسٹ پر قائم مقام ایف اے کے طور پر تعینات کیا ہوا ہے۔
افسران قابض