عوامی فلاح کے لیے کام کرنے والے ادارے قومی اثاثہ ہیں، دانش خان

181

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر دانش خان نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی نے ہمیشہ سماجی خدمت کو اپنا قومی فریضہ تصور کیا ہے، عوام کی صحت کے لیے کام کرنے والے ادارے ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کیا انہوں نے چیئرمین المصطفی ٹرسٹ لیفٹیننٹ جنرل(ر) محمد مصطفیٰ خان کی سربراہی میں کاٹی کا دورہ کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر کاٹی کے سینیئر نائب صدر فراز الرحمن، نائب صدر ماہین سلمان اور کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلقات عامہ اکرام راجپوت نے بھی اظہار خیال کیا۔ چیئرمین المصطفی ٹرسٹ لیفٹیننٹ جنرل(ر) مصطفی خان نے کاٹی کے عہدے داران اور سینیئر ارکان کو ٹرسٹ کی خدمات، مقاصد اور پرائمی ہیلتھ سروسز سے متعلق فراہم کی جانے والے سہولیات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ٹرسٹ کی خدمات کے بارے میں ملٹی میڈیا پریزنٹیشن بھی دی گئی۔ دانش خان نے کہا کہ کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر ملک میں سماجی خدمات کے شعبے میں خدمات اور فلاحی اداروں کی معاونت میں پیش پیش رہے ہیں اور ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں تمغہ ایثار سے نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بالخصوص کراچی کی تاجر و صنعتکار برادری خلق خدا کی داد رسی کرنے والے فلاحی اداروں سے معاونت کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں اور یہ ہمارا ایک منفرد اعزاز ہے۔ انہوں نے المصفطی ٹرسٹ کی خدمات کو سراہا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔