پنجاب میں بھی کپاس اور دیگر فصلوں پر ٹڈی دل کی یلغار

145

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے بعد پنجاب میں بھی کپاس اور دیگر فصلوں پر ٹڈی دل کی یلغار شروع ہوگئی ہے جس سے کسانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ تقریباّ تین ہفتے قبل ایران،افغانستان اور بھارت سے سندھ میں آنے والا ٹڈی دل گزشتہ روز پنجاب کے بڑے کاٹن زون رحیم یار خان میں بھی داخل ہو گیا اور کپاس ا دیگر فصلات پر اس نے یلغار کر دیا ہے جس سے ان فصلوں کو کافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے لیکن اسکے باوجود محکمہ زراعت کی طرف سے اس پر فوری کنٹرول کے لئے کوئی ہنگامی اقدامات نہیں کئے جا رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹڈی دل کو فوری طور پر کنٹرول نہ کیا گیا تو اسکے بہاولپور ملتان ساہیوال سمیت پنجاب بھر کے کاٹن زونز میں پھیلنے کا خدشہ ہے جس سے کپاس سمیت دیگر فصلوں کے بھاری نقصان کا خدشہ ہے ۔یاد رہے کہ قبل ازیں ٹڈی دل سندھ کے بیشتر کاٹن زونز میں کپاس اور دیگر فصلوں کو شدید نقصان پہنچا چکا ہے۔
پلاسٹک میٹریل کی برآمدات میں 60.04 فیصد اضافہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)مالی سال 2018-19ء کے پہلے 11 ماہ کے دوران پلاسٹک میٹریل کی ملکی برآمدات میں 60.04 فیصد کا واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ادارہ برائے شماریات پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2017-18ء میں جولائی تا مئی کے دوران ایک لاکھ 82 ہزار 657 میٹرک ٹن پلاسٹک میٹریل بر آمد کیا گیا جس کی مالیت 21ہزار 927 ملین روپے رہی جبکہ مالی سال 2018-19ء کے اسی عرصہ کے دوران پلاسٹک میٹریل کی ملکی برآمدات 2 لاکھ 6 ہزار 421 میٹرک ٹن تک پہنچ گئیں۔