گاڑیوں کی خریدوفروخت غیرمعینہ مدت کے لیے بند کرنے کا عندیہ

262

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آٹو موٹیو ٹریڈرز اینڈ امپورٹرز ایسوسی ایشن نے گاڑیوں کی خریدوفروخت غیرمعینہ مدت کے لیے بند کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ جمعرات کوپریس کانفرنس کرتے ہوئے کار ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما محمد عادل نے کہا کہ کاروں کی درآمد بند ہونے پر احتجاج کررہے ہیں اور ملک گہر سطح پر شوروم بند ہے ۔انہوںنے کہا کہ لوکل گاڑیوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے ۔کار ڈیلرز کے ساتھ عوام بھی پریشان ہیں۔ شوروم بند ہورہے ہیں بے روزگاری پھیل رہی ہے۔ عمران خان سے اپیل ہے کہ کاروں کی درآمدی پالیسی اور ٹیکسوں پر نظر ثانی کریں۔انہوںنے کہا کہ حکومتی پالیسیوں سے لوکل اسمبلرز کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ لوکل اسمبلرز نے مافیا کی شکل اختیار کرلی ہے۔40فیصد شو روم بند ہونے کی نوبت آچکی ہے ۔گاڑیوں کی درآمد بند ہونے سے حکومت کو بھی اربوں روپے کے ٹیکس خسارے کا سامنا ہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت نے پالیسی پر نظر ثانی نہ کی تو غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال ہوگی ۔کار ڈیلرز ایکسائز اور دیگر ٹیکسوں کی ادائیگیاں بند کردیں گے ۔کار ڈیلرز کو دیوار سے لگایا گیا تو کار ڈیلرز کاروبار مستقل طور پر بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔