حکمرانوں کی ترجیحات میں عوامی فلاح وبہبود شامل نہیں، جاوید قصوری

258

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور صوبائی دارالحکومت اور 2 کروڑ آبادی کا شہر ہے، اس میں بسنے والے افراد کو درپیش مسائل بھی بے شمار ہیں۔ عوام کو صاف پانی، خالص اشیاء، صحت کی بنیادی سہولت، ملاوٹ سے پاک چیزیں، لاقانونیت، عوام کو عدم تحفظ اور اس طرح کے ان گنت مسائل ہیں، جن سے نبرد آزما ہونا ہوگا۔ معاشرے کی اجتماعی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بناتے ہوئے لوگوں کا معیار زندگی خوب سے خوب تر بنایا جائے، یہ ہی اصل تبدیلی کی بنیاد ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کی ترجیحات میں عوامی فلاح وبہبود شامل نہیں ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناتجربہ کاری اور عدم توجہ کے باعث لاہور سماجی مسائل کا شکار ہوچکا ہے۔ جرائم کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔ تعمیر و ترقی کے منصوبوں اور ان کے بجٹ پر کٹ لگانے سے قومی ومعاشرتی ترقی متاثر ہوتی ہے۔ اچھے اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ہر دور حکومت میں پورا ہونا چاہیے، مگر تاریخ گواہ ہے کہ ایسا کبھی نہیں ہوا۔ اورنج ٹرین منصوبہ ماضی کی حکومت نے شروع کیا جس پر چین سے قرض حاصل کرکے کثیر سرمایہ لگایا گیا اب وہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے مگر بد قسمتی سے موجودہ حکومت اس کو مکمل کرنے میں نیم دلی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر کے مسائل پر حکمران مجرمانہ غفلت کا ارتکا ب کررہے ہیں۔ سڑکوں پر ٹریفک کا سیلاب ہے۔ اکثر جگہوں پر سڑکیں اپنی گنجائش سے بھی تجاوز کرچکی ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ چار پانچ بڑے سرکاری اسپتال لاہور سمیت پورے صوبے سے آئے ہوئے مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں، جوکہ ناکافی ہیں۔ ہر بڑے شہر میں ان کی تعداد میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔ جب تک حکمران عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم نہیں کریں گے اس وقت تک معاشرتی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔