ایمنسٹی اسکیم سے ایک لاکھ افراد مستفید، ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے والوں کی تعداد 20 لاکھ ہوگئی

396

ایمنسٹی اسکیم میں واضح کمی کے باوجود تقریباً ایک لاکھ 10 ہزار افراد نے اپنے اثاثے ظاہر کرتے ہوئے ٹیکس ریٹرنز فائل کرتے ہوئے 3 جولائی تک 55 ارب روپے جمع کروادیے۔

ایک رپورٹ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مختلف ذرائع نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ایمنسٹی اسکیم میں زیادہ تر انکم ٹیکس کے نان فائلرز کی جانب سے دلچسپی میں اضافہ دیکھا گیا۔تاہم اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کے تحت جمع ہونے والے آمدنی توقع سے کم رہی۔

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی اعلان کردہ اسکیم کے تحت 83 ہزار افراد نے فائدہ اٹھایا تھا اور تقریباً ایک ارب 24 کروڑ روپے جمع ہوئے تھے۔

اثاثے ظاہر کرنے کی حالیہ اسکیم 14 مئی 2019 کو متعارف کروائی گئی تھی اور 30 جون کو اختتام پذیر ہونی تھی تاہم حکومت نے اس میں 3 جولائی تک توسیع کردی تھی تا کہ جنہوں نے اس اسکیم سے استفادہ نہیں کیا وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا لیں۔