عمران کا چیمبر خالی ہے،وہ فاشٹ ہیں،شہباز شریف

193

لاہور(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نیازی کے اندر ہٹلر کے جراثیم موجود ہیں۔ان کا اپر چیمبر خالی ہے،وہ فاشٹ ہیں۔ رانا ثنااللہ کو کچھ ہوا تو ذمہ دارعمران نیازی ہوں گے۔صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی قیادت میں 2 رکنی لیگی وفد نے راناثنا اللہ خان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق
ملاقات میں رانا ثنااللہ کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کو کھانا اور پانی بھی فراہم نہیں کیا جارہا۔ نئے پاکستان میں کیا یہ ہے ریاست مدینہ کا ماڈل۔ عمران خان نیازی کے اندر ہٹلر کے جراثیم موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کی دوائیاں اور کھانا پانی ان کے حوالے کیاجائے۔ رانا ثنااللہ کو کچھ ہوا تو ذمہ دارعمران نیازی ہوں گے۔شہبازشریف نے کہا کہ بجٹ میں غریبوں کو مار دیا گیا۔ ملک کی معیشت پر کلہاڑا چلایا جارہا ہے۔ نیازی نے چور ڈاکو کے علاوہ کوئی کام کیا ہی نہیں۔ علیمہ خان کیسے پیسہ باہر لے گئی۔ نیازی جواب دے۔ سلیکٹڈ کہنے کی اجازت نہیں تو کہتا ہوں سائڈ لائن پرائم منسٹر۔شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے خود مخبر بن کر رانا ثناء اللہ پر 15 کلو ہیروئن کا کیس بنایا ہے۔ نیب رانا ثنا کے خلاف کک بیک کا کوئی کیس نہیں بنا سکا۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی کچھ عرصے پہلے ہارٹ سرجری ہوئی ہے، رانا ثناء کی کمر کے نچلے حصے میں بھی درد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء کے کمرے میں رات کو پنکھا تک نہیں چل رہا تھا، عام قیدی کو بھی بنیادی سہولتوں سے محروم نہیں کیا جاتا۔شہباز شریف نے کہا عمران نیازی کی فسطائی سوچ اور بد ترین ہتھکنڈے سامنے آ چکے ہیں۔ عمران خان کے غصے کا سارا مرکز ن لیگ ہے۔
شہباز شریف