بابر اعظم عظیم پلیئرز کی صف میں دوسرے نمبر پر آگئے

111

لاہور( وائس آف ایشیا)قومی کرکٹر بابراعظم ورلڈ کپ میں 378رنز کی بدولت 24سال یا اس سے کم عمری میں زیادہ رنز بنانے والے عظیم پلیئرز کی صف میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ بھارت کے سچن ٹنڈولکر نے عالمی کپ1996ء میں 523رنز بنائے تھے جب کہ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈیویلیئرز نے ورلڈ کپ 2007ء￿ میں 372رنز ، رکی پونٹنگ نے ورلڈ کپ 1999ء میں 354رنز اور برائن لارا نے 1992ء کے ورلڈ کپ میں 333رنز سکور کیے تھے۔24سالہ بابر اعظم نے ابھی تک 378رنز بنائے ہیں اور وہ اب تک ورلڈ کپ کی44سالہ تاریخ میں زیادہ رنز سکور کرنے والے دوسرے انڈر25 کرکٹر بن گئے ہیں ،بابر اعظم نے ون ڈے کیریئر میں ابھی تک 10سنچریاں بنائی ہیں، ان میچز میں سے 8میں پاکستان ٹیم کو فتح حاصل ہوئی۔ بابر اعظم ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کرنے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر بھی آگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار اننگز کھیلنے والے بیٹسمین نے یہ سنگ میل 68 اننگز میں عبور کیا، ہاشم آملہ نے 3000 رنز 57 اننگز میں مکمل کیے تھے۔بابر اعظم 32 سال بعد ورلڈ کپ میچ میں سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی مڈل آرڈر بیٹسمین بھی بن گئے، ان سے پہلے یہ اعزاز سلیم ملک نے 1987ء کے ورلڈ کپ میں حاصل کیا تھا۔