وزیراعظم نے ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے میں تبدیلی کی منظوری دیدی

271

اسلام آباد(جسارت نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کی منظوری دے دی، 45سال بعد کرکٹ سے ڈیپارٹمنٹس کے اجارہ داری ختم کردی گئی ہے، وزیراعظم نے بطور پیٹرن ان چیف پی سی بی نئے نظام کی منظوری دی جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔نیا ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر آسٹریلوی طر ز پر تیار کیا گیا ہے جس میں پورے ملک سے 6 ٹیمیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلیں گی۔نو منظور شدہ نئے کرکٹ اسٹرکچر کے تحت پنجاب سینٹرل، پنجاب سائوتھ، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور ناردرن کے ریجنز اور ٹیمیں شامل ہیں۔گراس روٹ لیول کرکٹ کومضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔وزیراعظم نے بطورپیٹرن انچیف پی سی بی نئے اسٹرکچرکی منظوری دی ہے اور اس اسٹرکچر کے منظور ہونے سے 45سال بعدپاکستانی کرکٹ سے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کاکردارختم کردیاگیا ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے ڈیپارمنٹس کو ہدایت کی ہے کہ نئے نظام سے متعلق پی سی بی سے تعاون کریں۔نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعظم ہاوس کی جانب سے 11سرکاری ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت نامہ بھجوایا گیا جن میں واپڈا، ایس این جی پی ایل، اسٹیٹ بینک، نیشنل بینک، کے آر ایل، پی ٹی وی، زیڈ ٹی بی ایل، پی آئی اے، ریلوے اور سول ایوی ایشن شامل ہیں۔نئے کرکٹ ڈھانچے میں 15ریجنل ایسوسی ایشنز کو 6میں تبدیل کر دیا گیا۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل پی سی بی نے وزیراعظم عمران خان کے حکم پر ڈومیسٹک کرکٹ میں اصلاحات سے متعلق ریجنز اور ڈیپارٹمنٹس کا مسودہ تیار کیا تھا۔اس مسودے کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد 8رکھی گئی تھی تاہم عمران خان نے اس مسودے کو مسترد کردیا تھا۔وزیراعظم نے پی سی بی کو ہدایت کی تھی کہ وہ آسٹریلین کرکٹ کے طرز کا فرسٹ کلاس ماڈل تیار کریں جس میں صرف 6 ٹیمیں شامل ہوں۔نئے سسٹم کے تحت پاکستان کا فرسٹ کلاس سیزن 15ستمبر سے 15اپریل تک کھیلا جائے گا، جس کا آغاز ون ڈے کپ سے ہو گا۔ون ڈے کپ دو راونڈز پر مشتمل ہوگا جس کا آغاز 15ستمبر جبکہ اختتام 5اکتوبر کو ہوگا، جہاں ہر ٹیم 10، 10میچز کھیلے گی۔اس کے بعد 20اکتوبر سے 4 روزہ کرکٹ کا آغاز ہوگا اور یہ بھی 2 راونڈز پر مشتمل ہوگا جس کا پہلا مرحلہ 20اکتوبر سے 20دسمبر جبکہ دوسرا مرحلہ 23دسمبر سے 23جنوری تک کھیلا جائے گا۔