عبدالغنی بلوچ قتیال،بلوچ مجاہد اورچنیسر بلوز کی فتح

215

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حیدری بلوچ فٹبال کلب کے زیر اہتمام واجہ شہہ عبدالغنی بلوچ شہید فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں لیاری کے ککری گرائونڈ میں حسب معمول دو میچ کھیلے گئے۔پہلا میچ ماڑیپور گریکس اور بلوچ مجاہد کے درمیان جبکہ دوسرا میچ ماڑیپور آزاد اور چنیسر بلیو کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ ماڑیپور گریکس اور بلوچ مجاہد کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے بہترین موو بناکر ایک دوسرے کے خلاف برتری حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیموں کو کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔دوسرے ہاف میں میچ کے 43 ویں منٹ میں بلوچ مجاہد کی طرف سے علی محمد نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی۔اور بلوچ مجاہد کی ٹیم نے میچ کے آخری وسل تک اپنی اس برتری کو قائم رکھتے ہوئے اس میچ میں ایک گول سے کامیابی حاصل کی۔ اس میچ کو ریفری غلام عباس نے سپروائز کیا جبکہ ڈپٹی ریفری کے فرائض بشیر احمد اورعبدالباقی نے انجام دیے اور میچ ریفری استاد عبدالطیف تھے۔میچ کمشنر کے فرائض اللہ بخش، مولابخش اور جمیل احمد نے انجام دیے۔چنیسر بلیواور ماڑیپورآزاد کے درمیان کھلے جانے والے دوسرے میچ کا آغاز بھی تیزی کیساتھ ہوادونوں ٹیموں کی طرف سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کیے گیے لیکن پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیموں کو گول اسکور کرنے میں کامیابی نہ مل سکی۔دوسرے ہاف کے ابتدائی لمحات میں ایک خوبصورت موو کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے چنیسر بلیو کے اسٹرائیکر دانش نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی سبقت دلادی اور پھر میچ کے 43ویں منٹ میں چنیسر بلیو کی طرف سے نوید نے ایک خوبصورت گول کرکے میچ میں اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی. دوسری طرف میچ کے 53 ویں منٹ میں ماڑیپور آزاد کی طرف سے اسلم نے ایک خوبصورت گول اسکور کرکے مقابلہ1 2کردیا۔اسی اسکور پر میچ اپنے اختتام کو پہنچا اس طرح چنیسر بلیو کی ٹیم نے اس میچ میں کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ اس میچ کو ریفری بشیر احمد نے سپروائز کیا جبکہ ڈپٹی ریفریز کے فرائض یوسف فیفا اور عبدالباقی نے انجام دیے۔ ٹورنامنٹ کے سلسلے میںآج بھی دو میچز کھیلے جائیں گے۔پہلا میچ کراچی ککرز اور کلری اسٹار کے مابین شام 4 بجے جبکہ دوسرا میچ ینگ پھول پتی اورمدھو محمدن کی ٹیموں کے درمیان شام 5 بجے کھیلا جائے گا۔