یوتھ فیسٹیول کیس: نیب کو رانا مشہود کیخلاف کارروائی سے روک دیا گیا

214

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یوتھ فیسٹیول کیس میں قومی احتساب بیورو کو رانا مشہود کے خلاف آئندہ سماعت تک کسی بھی تادیبی کارروائی سے روک دیا ہے، عدالت نے رانامشہود کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنے کیخلاف درخواست پر وزارت داخلہ سے 24 جولائی کو جواب بھی طلب کر لیا اور نیب کے وکیل کو ہدایات لے کر پیش ہونے کا بھی حکم دیا۔ مسلم لیگ(ن) کے ایم پی اے رانا مشہود کی نیب طلبی کے نوٹسز کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔ رانا مشہود کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کی انکوائری ہوئی تھی۔ عدالت نے رانا مشہود کے وکیل سے پوچھا کیا اس کیس میں عثمان انور گرفتار ہو ئے ہیں؟ رانا مشہود کے وکیل قاضی مصباح نے جواب دیا ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس بورڈ عثمان انور کو پیپرا رولز کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔ قاضی مصباح نے کہا کہ نیب ان کے موکل کے خلاف پنجاب یوتھ فیسٹیول میں کرپشن کے الزام میں انکوائری بند کرچکا ہے۔ جسٹس علی باقر نے کہا کہ نیب اس معاملے پر بتائے کبھی آپ انکوائری کھول دیتے ہیں، کبھی بند کر دینگے اور پھر کھول دیں گے؟ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اگر کوئی چیز مزید سامنے آتی ہے تو انکوائری دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔ رانا مشہود نے عدالت میں کہا کہ ان کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ دستاویزات فراہم نہیں کی جارہیں۔ انکوائری بند ہونے کے بعد دوبارہ شروع نہیں کی جاسکتی۔
یوتھ فیسٹیول کیس