اطالوی رہنما یورپی پارلیمان کے صدر منتخب‘ دیگر عہدوں پر نامزدگیاں

189

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) اٹلی سے تعلق رکھنے والے سوشلسٹ قانون دان کو یورپی پارلیمان کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈیوڈ ساسولی کو 751 رکنی ایوان میں 345 ووٹ حاصل ہوئے۔ اس انتخاب کے ساتھ ہی یورپی یونین کے اعلیٰ ترین مناصب پر نئی تعیناتیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ڈیوڈ ساسولی ڈھائی برس تک اسپیکر کے فرائض انجام دیں گے۔ انہوں نے اطالوی قدامت پسند سیاستدان انتونیو تاجانی کی جگہ اسپیکر کا منصب سنبھال لیا ہے، جس کے بعد افتتاحی تقریر میں انہوں نے یورپ میں انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ ساسولی نے مزید کہا کہ یورپی یونین میں اصلاحات متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یورپی یونین کے 4 اہم عہدوں کے لیے نامزد ہونے والی شخصیات میں 2 خواتین بھی شامل ہیں اور حتمی فیصلہ آنے کے بعد جرمن وزیر دفاع ارزولا فان ڈیئر لائن کو یورپی کمیشن کی پہلی خاتون سربراہ بننے کا شرف حاصل ہو گا۔ اس موقع پر ڈونلڈ ٹسک نے یونین کے دیگر اہم عہدوں میں صنفی توازن کا خیر مقدم کیا ہے۔ بلجیم کے وزیر اعظم چارلس میشل کو یورپی کونسل کے صدر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ فرانس کی سابق وزیر مالیات اور عالمی مالیاتی فنڈ کی موجودہ ڈائریکٹر کرسٹین لاگارڈ کو یورپی مرکزی بینک کی سربراہ جب کہ ہسپانوی وزیر خارجہ جوزیف بوریل فونٹیلز کو یورپی خارجہ امور کے نگران کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے فان ڈیئر لائن کی نامزدگی پر کہا کہ یورپی رہنماؤں نے فان ڈیئر لائن کو مکمل اتفاق کے ساتھ نامزد کیا ہے۔