حاکم شارجہ کے بیٹے کی وفات پر امارات میں 3 روزہ سوگ

236

شارجہ (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کے حاکم کے جواں سال بیٹے کی وفات پر ملک بھر میں 3روزہ سوگ کا اعلان کردیا گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق اماراتی صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے حاکم شارجہ شیخ سلطان قاسمی کے بیٹے خالد بن سلطان کی امریکا میں اچانک موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے 3روز تک ملکی پرچم سرنگوں رکھنے اور ملک بھر میں سوگ کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ خالد بن سلطان قاسمی پیر کے روز اچانک انتقال کرگئے تھے۔ ان کی میت کو تدفین کے لیے متحدہ عرب امارات منتقل کیا جا رہا ہے، جس کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کا جزائر غرب الہند کا دورہ
نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے جزائر غرب الہند اور افریقا کا دورہ شروع کردیا۔ وہ اس دورے کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے کے اقدامات کے حوالے سے حکومتی سربراہان کی کانفرنس میں خطاب کریں گے۔ خبررساں اداروں کے مطابق وہ جزائر غرب الہند کے ملک سینٹ لوسیا کے بعد 11 جولائی سے جنوبی افریقی ملک موزمبیق کا دورہ بھی کریں گے۔ عالمی موسمیاتی تنظیم ڈبلیو ایم او نے خبردار کیا ہے کہ سینٹ لوسیا اور جزائر غرب الہند کے دیگر ممالک کو سمندروں کی بلند ہوتی سطح سے خطرات درپیش ہیں۔
جنوبی کوریا پر تجارتی پابندیوں کا فیصلہ واپس نہیں لیں گے‘ جاپان
ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپانی وزیر تجارت و صنعت ہیروشیگے سیکو نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی مصنوعات میں استعمال ہونے والے سامان کی برآمد پر سخت قوانین کا فیصلہ اٹل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر آج سے سے عمل شروع ہوجائے گا اور جاپان کا فیصلہ واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ جاپانی وزیر نے کہا کہ اسلحہ کی پیداوار میں ممکنہ طور پر استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی برآمد کرتے وقت سخت کنٹرول بہت ضروری ہوتا ہے۔ عالمی برادری کے رکن کی حیثیت سے ضروری تھا کہ صورت حال کا مسلسل بغور جائزہ لیا جاتا رہے۔
ہواوے کو معمولی ٹیکنالوجی والی چپس خریدنے کی اجازت دینے کا امریکی اعلان
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے چینی کمپنی ہواوے کو معمولی ٹیکنالوجی والی چپس فروخت کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کردیا۔ وائٹ ہاؤس کے مشیر تجارت پیٹر نواررو نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس قسم کی چپس فروخت کرنے سے قومی سلامتی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ معمولی ٹیکنالوجی کی چپس کم تعداد میں فروخت کی جائیں گی۔ یہ اتنی بڑی بات نہیں، کیوں کہ ہم چین کے ساتھ مذاکرات کی میز پر واپس آ سکتے ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنی کمپنیوں کو ہواوے کے ساتھ جدید ترین 5 جی نیٹ ورک سے متعلق کاروبار سے منع کرنے کی پالیسی پر قائم رہے گا۔