جاپان میں تباہ کن بارش ‘ 8 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور

108

ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپان کے جنوب مغربی علاقوں میں شدید بارش کے باعث لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق حکومت نے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے جیسے خطرات کے پیش نظر صوبہ کاگوشیما کے تقریباً 8 لاکھ افراد کو اپنے گھر چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔ جاپانی محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جزیروں پر مشتمل جنوب مغربی اور مغربی علاقوں میں آیندہ کئی روز تک شدید بارش ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ جنوب مغربی جاپان کے کیوشو خطے، خاص طور سے کاگوشیما میں جمعرات تک انتہائی شدید بارش کے جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس خطے کے چند حصوں میں مٹی کے تودے گرنے اور سیلاب آنے کا خطرہ انتہائی بڑھ چکا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی مقام پر موسلا دھار بارش کئی گھنٹے جاری رہی تو وہ ہنگامی انتباہ جاری کر سکتے ہیں۔ وہ خطے کے لوگوں کو اپنا تحفظ یقینی بنانے کے لیے انخلا کے انتباہ کا انتظار کیے بغیر انخلا کرنے کی تلقین کر رہے ہیں۔جنوبی کیوشو میں جمعہ سے اب تک ایک ہزار ملی میٹر بارش ہوچکی ہے۔ کاگوشیما کے بعض حصوں میں گزشتہ 3روز کے اندر 500 سے 600 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
ممبئی: کئی روز سے جاری موسلا دھار بارش سے ہلاکتیں 35 ہو گئیں
نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی شہر ممبئی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں گزشتہ چند روز سے جاری موسلا دھار بارش کے دوران معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 35 ہو چکی ہے جبکہ ٹرینوں اور پروازوں کا نظام شدید متاثر ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔