امریکی پابندیوں کا خطرہ‘ترکی نے حفاظتی اقدام شروع کر دیے

169

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی پر امریکی پابندیوں کے سائے منڈلا رہے ہیں، ایسے میں انقرہ حکومت نے ان سے بچنے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق تُرک حکومت واشنگٹن کی طرف سے ممکنہ پابندیوں سے بچنے کے لیے امریکی ہتھیار اور بڑے پیمانے پر اسلحہ کے فاضل پرزے ذخیرہ کرنا شروع کر دیے ہیں۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ترکی اہم نوعیت کے امریکی اسلحہ کے پرزے ذخیرہ کر رہا ہے، تاکہ اگر امریکی کانگرس انقرہ پر امریکی اسلحہ کی خریداری پر پابندی عائد کرتی ہے، تو ترکی کے پاس اس اسلحہ کے پرزوں کی کوئی کمی نہ رہے۔ ترکی کو خدشہ ہے کہ اگر اس نے روس سے اس کے فضائی دفاعی نظام ایس 400 خرید کرنے پر اصرار جاری رکھا تو اس کے نتیجے میں امریکا، انقرہ پراسلحہ کی پابندیاں عائد کر سکتا ہے۔ روسی ساختہ دفاعی نظام ایس 400 گزشتہ سال کے آخر سے ترکی اور امریکا کے درمیان وجہ تنازع بنا ہوا ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ترکی نے اسلحہ کے لیے فاضل پرزہ جات کا ذخیرہ کب سے شروع کیا ہے، مگر ترک حکام کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں سے بچنے کے لیے تمام تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ دوسری جانب امریکی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس سے ایس 400 دفاعی نظام کی خریداری کی صورت میں ترکی کے خلاف امریکی دشمنوں کے لیے وضع کردہ قانون کا استعمال کر سکتے ہیں۔ جی 20 اجلاس کے موقع پر امریکی صدر نے تُرک ہم منصب سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد اردوان نے بتایا کہ ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ ترکی کے مبہم منصوبوں پر امریکا ترکی پر پابندیاں نہیں لگائے گا۔