حفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

584
اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی )کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ، محصولات واقتصادی امور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقدہوا۔ پیٹرولیم ڈویژن کی طرف سے کمیٹی کو پیٹرولیم مصنوعات کی ملک کی بالائی ترسیل کے لیے ریلوے سے استفادہ کرنے پر بریفنگ دی گئی۔ریلوے کے ذریعے پی ایس اوکی مصنوعات کی فراہمی میں اضافے کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کواضافی بزنس پاکستان ریلوے کومنتقل کرنے کی ہدایت کی جن کی
ترسیل کاکرایہ دوسرے ذرائع آمد و رفت کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔ وزارت میری ٹائم افئیرز کی جانب سے کمیٹی کو دی گئی بریفنگ میں آنے والے برسوں میں ملک میں تیل کی قلت پرقابو پانے کے تناظر میں پورٹ قاسم اتھارٹی پرتیسرے ٹرمینل کی تعمیر پرزوردیا گیا ۔ پورٹ قاسم اتھارٹی پر تیسرے ٹرمینل کی تعمیرکے کام کوتیز کرنے کے لیے کمیٹی نے پورٹ قاسم اتھارٹی بورڈ کی قراردادوں کی منظوری دیدی جس میں اتھارٹی کو پبلک ٹینڈرنگ سے مستثنیٰ قراردینے اورنیگوشئیٹڈ ٹینڈرنگ کے ذریعے قانونی کنسلسٹنٹ کی تعیناتی کے لیے کہا گیاہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تیسرے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے تناظر میں پورٹ قاسم اتھارٹی کے ماسٹرپلان میں ترامیم کے ضمن میں پورٹ قاسم اتھارٹی بورڈ کی قرارداد کی بھی منظوری دی۔یادرہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فروری میں وزارت میری ٹائم افیئرز کو پورٹ قاسم پر تیسرے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کاکام تیز کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اجلاس کے دوران وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے ملک میں گندم کے اسٹاک پربریفنگ دی گئی۔