مہنگائی کے سونامی نے عوام کو تباہ کردیا، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

236
کراچی: مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب پریس کانفرنس کررہے ہیں
کراچی: مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے آپ کو سونامی کہتے ہیں، سونامی تباہی کا دوسرا نام ہے، پاکستان کے عوام کو مہنگائی کے سونامی نے تباہ کر دیا ہے، آج پورا ملک اس ’’سونامی‘‘ سے پریشان ہے، اشیائے خور و نوش کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں اور وزیراعظم پاکستان عوام کی حالت زار پر توجہ دینے کے بجائے سازشو ں اور ہارس ٹریڈنگ میں لگے ہوئے ہیں۔ مشیر اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کیلیے
مہنگائی نہیں بلکہ سیاسی ریشہ دوانیاں ترجیح کی حامل ہیں۔ سیاسی انتقام ہی نااہل حکومت کا ایجنڈا ہے، پورا ملک اس نااہل حکومت کو کوس رہا ہے مگر ان کے سر پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ غریب عوام کو کھانے پینے کے لالے پڑگئے ہیں۔ اشیائے خور و نوش بھی ٹیکسز کی زد میں آچکی ہیں۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی عوام مہنگائی کے نرغے میں پھنس چکے ہیں۔ عمران خا ن کی حکومت 11 بار بجلی کی قیمتو ں میں اضا فہ کر چکی ہے اور گیس کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے پا کستا نی عوام بدحالی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ وفاقی حکومت کے جابرانہ فیصلے سے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضیٰ وہا ب نے متنبہ کیا کہ معاشی فیصلے کرتے وقت غریب عوام کا خیال رکھنا چاہیے تاکہ عوام کی معاشی صورتحال میں بہتری آسکے۔