پارک لین کیس، بلاول کلیئر، آصف زرداری کیخلاف ایک اور ریفرنس کی منظوری

152

 

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) جعلی اکاؤنٹس پارک لین پیراتھون کیس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری کلیئر جبکہ اسی کیس میں آصف علی زرداری کے خلاف بدعنوانی کا ایک اور ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دے دی گئی۔قومی احتساب بیورو (نیب) کا کہنا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے اس کیس میں قومی خزانے کو 3.77 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ جعلی اکاؤنٹس پارک لین پیراتھون کیس میں یہ اہم فیصلے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں ہوئے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری جعلی اکاؤنٹس کے پہلے ریفرنس میں باقاعدہ ملزم نامزد ہیں۔اس سے قبل نیب نے
پارک لین کیس میں آصف زرداری کے ملوث ہونے کے حوالے سے بتایا تھا کہ زرداری نے بطورشیئر ہولڈر پارک لین فرضی فرنٹ کمپنی پیراتھون بنائی۔ نیب کے مطابق انہوں نے 2009ء میں کمپنی کے نام پر نیشنل بینک سے ڈیڑھ ارب روپے قرض حاصل کیا اور قرضے کی رقم نجی بینک میں کمپنی اکاؤنٹ میں منتقل کی۔ ذرائع نیب کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے قرض کے حصول کے لیے جعلی دستاویزات تیار کیں اور ایس ای سی پی اور نیشنل بینک سے حقائق چھپائے۔ انہوں نے بطور صدر بھی اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور اثر و رسوخ کے ذریعے قرضے کی رقم میں اضافہ کروایا۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے اثر و رسوخ سے قرض کی رقم 2 ارب 80 کروڑ کروالی، انہوں نے ایک اور نجی بینک میں پارک لین کے نام سے اکاؤنٹ بھی کھلوایا۔سابق صدر دیگر ذرائع سے ملنے والی رقم نجی بینک میں رکھواتے تھے۔نیب کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بطور ڈائریکٹر پارک لین اسٹیٹ معاملات چلاتے رہے اور بطور صدر مملکت منی لانڈرنگ بھی کرتے رہے، وہ کمپنی کے فرضی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کرتے تھے، انہوں نے دھوکے سے لیے گئے قرضے کی بھی منی لانڈرنگ کی۔ پارک لین کیس میں قومی خزانے کو 3.77 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔