اپوزیشن کی کل جماعتی رہبر کمیٹی کا اجلاس کل طلب،کنونیئر کا انتخاب ہوگا

71

اسلام آباد( صباح نیوز)اپوزیشن کی کل جماعتی رہبر کمیٹی کا اجلاس کل جمعہ کو طلب کرلیا گیا ہے ،میزبان اکرم خان درانی ہونگے،کنونیئر کا انتخاب ہوگا ۔ اجلاس میںاپوزیشن رہنماؤں کے خلاف حکومتی کاروائیوں کے نتیجے میںپیدا شدہ صورتحال پر غور کیا جائے گا جس میں آخری آپشن کے طور پر اسمبلیوں سے اجتماعی استعفوں کی تجاویز شامل ہیں۔ رہبر کمیٹی 11 ارکان پر مشتمل ہے۔جس میں ن لیگ کی جانب سے شاہدخاقان عباسی ،احسن اقبال ، پیپلزپارٹی سے یوسف رضاگیلانی اور نیرحسین بخاری کمیٹی کے ارکان
ہیں ۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی سے سینیٹر عثمان کاکڑ جبکہ عوامی نیشنل پارٹی نے میاں افتخار حسین کو نامزد کیا ہے۔ نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی مرکزی جمعیت اہلحدیث اور جمعیت علمائے پاکستان (نورانی)نے بھی اراکین نامزد کر دیے ہیں، جے یو آئی کی جانب سے اکرم خان درانی کو نامزد کیا ہے۔ کمیٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے ڈرافٹ کو تیار کرے گی کمیٹی کو اس ضمن میں سابق چیئر مین سینیٹ رضا ربانی اور فرحت اللہ بابر کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔ متحدہ حزب اختلاف کے آئندہ کا لائحہ عمل بھی یہی کمیٹی وضع کرے گی، جس میں حکومت مخالف مشترکہ جلسے، 25جولائی کے یوم سیاہ اور آخری آپشن کے طور پر اسمبلیوں سے استعفوں کی تجاویز شامل ہیں ۔