عمران خان نے گوشواروں میں غلط بیانی کی، عدالت نوٹس لے،نفیسہ شاہ

136

اسلام آباد (صباح نیوز) پیپلز پارلیمنٹیرینز کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے الیکشن کمیشن میں داخل گوشواروں میں غلط بیانی کی گئی ہے، عدالت عظمیٰ سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ بنی گالہ کے بے نامی محل جس کے لیے عمران خان نے دعویٰ کیا تھاکہ انہوں نے لندن کا فلیٹ بیچ کر بنی گالہ محل تعمیر کیا تھا۔ یہ آناً فاناً کیا ہوا کہ عدالت عظمیٰ سے الیکشن کمیشن آتے آتے کرکٹ کی کمائی سے بننے والا محل کیسے تحفے میں
تبدیل ہوگیا؟۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ 2017ء میں عمران خان نے عدالت عظمیٰ میں حلفیہ بیان دیا تھا کہ انہوں نے بنی گالہ محل کرکٹ کی آمدنی سے بنایا۔ مئی 2017ء میں موصوف نے ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ لندن کے فلیٹ بیچ کر بنی گالہ میں محل تعمیر کیا اب الیکشن کمیشن میں پیش کیے جانے والے گوشواروں میں فرماتے ہیں کہ انہیں یہ محل تحفے میں ملا ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کو چاہیے کہ عمران خان کو دوبارہ انصاف میں کٹہرے میں لائے اور ان سے غلط بیانی کی وضاحت مانگے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ عدالت عظمیٰ میں جھوٹ بولنے والا شخص کیسے صادق اور امین ہو سکتا ہے؟ عمران خان کو چاہیے کہ اپنے جھوٹ یاد رکھنے کے لیے ایک سیکرٹری رکھ لیں تاکہ وہ انہیں ماضی میں بولے ہوئے جھوٹوں کی یاددہانی کراتے رہیں۔