بلوچستان ایجوکیشنل ایمپلائز ایکشن کمیٹی کا ہڑتال کا اعلان

142

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان ایجوکیشنل ایمپلائز ایکشن کمیٹی نے اپنے مطالبات کے حق میں5 تا10جولائی صوبے کے تمام اضلاع میں علامتی بھوک ہڑتالی کیمپس لگانے کا اعلان کیا ہے ، مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو تادم مرگ بھوک ہڑتال کی جائے گی۔ ان خیالا ت کااظہار بلوچستان ایجوکیشنل ایمپلائز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین حاجی حبیب الرحمن مردانزئی، پروفیسر آغا زاہد ، قاسم خان کاکڑ ، در محمد لانگوو دیگر نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ وزرا سے وزیراعلیٰ تک ملاقاتیں کیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی ،10 جولائی تک مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو
15جولائی کو محکمہ تعلیم کے ملازمین ہاکی چوک کوئٹہ میں جلسہ عام کے بعد دھرنا دینگے ، حکومت نے رکاوٹ ڈالی تو تمام اسکول، کالج اور دفاتر بند کردیے جائیں گے،جیل بھرو تحریک ، اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور تادم مرگ بھوک ہڑتال سے گریز نہیں کریں گے۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن ، پروموشن کوٹے پر عملدرآمد، کالج اساتذہ کے لیے ہائر ایجوکیشن الاونس کی منظوری، محکمہ تعلیم کے ملازمین کے لیے کارپوریٹ اداروں کے طرز پر ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجراء، بلوچستان بھر کے تعلیمی اداروں میں ضلعی انتظامیہ و غیر سرکاری اداروں کی بے جا مداخلت کے مکمل خاتمے سمیت دیگر مطالبات تسلیم کیے جائیں۔