پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے

126

اسلام آباد (صباح نیوز) پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے، سلیکٹڈ حکومت کے پاس نہ کوئی قومی پالیسی ہے نہ عوامی فلاح و بہبود کا کوئی پروگرام۔ حکومتی کارکردگی یہ ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہاہر طرف ہڑتالیں احتجاج اور مظا ہرے بے چینی عام ہو چکی لیکن سلیکٹڈ حکومت سب اچھا کا راگ الاپ رہی ہے۔ پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں شدید معاشی اقتصادی بحران پیدا کر دیا گیا ہے آئی ایم ایف اور عالمی
ساہوکاروں کا سہولت کار ٹولہ اپنے چہیتوں کا ہمدرد اور عوام الناس کا دشمن بن کر سامنے آگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے مالی سال کے پہلے دن لوگوں پر سی این جی قیمتوں میں اضافہ کا بم گرایا، مسلسل مہنگائی کے ذریعے حکمران لوگوں کی جیبوں کے ساتھ ساتھ پیٹ بھی کاٹنے کے درپے ہیں۔ فیصل آباد کی صنعتیں بند ہونے سے لاکھوں گھروں کے چولہے بجھ جائیں گے۔ سی این جی مہنگی ہونے پر ٹرانسپوٹرز نے ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ سلیکٹڈ حکمران ظالمانہ بجٹ پر ہڑتالوں اور احتجاج سے توجہ ہٹانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ریاستی جبر اور عارضی اختیار کے گھمنڈ میں عوام کے معاشی قتل کے خلاف آواز حق بلند کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔