محکمہ زراعت پنجاب کا ” سی پیک و زراعت کے لیے مواقع” کے موضوع پرسیمینار

164

لاہور (اے پی پی ) وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ پاکستان چین کو چاول برآمد کر رہا ہے جس میں اضافہ کی کافی گنجائش موجود ہے ‘ اسی طرح سبزیوں اور پھلوں میں آم کی بھی کافی ڈیمانڈ ہے ‘بہتر پراسسینگ سے پھل و سبزیاں بھی چین کوبرآمد کی جاسکتی ہیں‘ سی پیک کے تحت پاک چین کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کا سٹیج تیار ہے ‘ ضرورت اس امر کی ہے کہ زراعت سے متعلقہ نجی شعبے و کاروباری اداروں کو چینی مارکیٹ میں مواقع تلاش کرنے اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری کیلئے تیار ہونا چاہیے تاکہ ہم وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ہم اپنی زرعی برآمدات میں اضافہ کر سکیں‘انہوں نے یہ باتیںبدھ کو زراعت ہاؤس لاہور میں محکمہ زراعت کے زیرِ اہتمام منعقدہ سیمینار” سی پیک اور زراعت کیلئے مواقع” میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہیں‘سیمینار میں لالہ طاہر پارلیمانی سیکرٹری زراعت،ڈاکٹر انجم علی ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)، ڈاکٹر عابد محمود دائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ)، شہزاد صابر چیف سی پیک سیل ،محمد رفیق اختر ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب ‘ محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران ‘ سٹیک ہولڈرز ومیڈیا کے نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی‘ وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ زرعی برآمدات میں اضافے کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور چین کے ساتھ زرعی تجارت کیلئے ٹیرف و نان ٹیرف رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے‘انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت میں قائم سی پیک سیل نہ صرف نجی شعبے کیلئے زرعی تجارت کو فروغ دینے میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے بلکہ کاشتکاروں اور برآمد کنندگان میں سی پیک کے حوالے سے شعور بھی پیدا کر رہا ہے‘انہوں نے کہا کہ اب تک سی پیک سیل کی کاوشوں سے زرعی تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان،چین اور ترکی کے مابین8 ایم او یوز پر دستخط ہو چکے ہیں‘سیمینار میں لمز و دیگر یونیورسٹیوں سے آئے ہوئے ریسورس پرسنز نے سی پیک روٹ اور زراعت کے شعبے میں برآمدات میں ااضافہ کے حوالے سے شرکاء کو بریف کیا۔