پاک چین آزادانہ تجارتی معاہدے کا اسٹیج تیار ہے ، نعمان احمد

130

راولپنڈی(اے پی پی )صوبائی وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہاہے کہ سی پیک کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کا سٹیج تیار ہے ، زراعت سے متعلقہ نجی شعبے اور کاروباری اداروں کو چینی مارکیٹ میں مواقع تلاش کرنے اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ شراکت داری کیلئے تیار ہونا چاہیے تاکہ ہم وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اپنی زرعی برآمدات میں اضافہ کر سکیں،پاکستان ،چین کو چاول برآمد کر رہا ہے لیکن اس میں اضافہ کی کافی گنجائش موجود ہے ،سبزیوں اور پھلوں میں آم کی بھی کافی ڈیمانڈ ہے ،بہتر پراسسینگ سے پھل اور سبزیاں بھی چین کوبرآمد کی جاسکتی ہیں۔ زرعی ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ صوبائی وزیر نے یہ باتیں ” سی پیک اور زراعت کیلئے مواقع” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں کیں ۔ سیمینار میں لالہ طاہر پارلیمانی سیکرٹری زراعت،ڈاکٹر انجم علی ڈائریکٹر جنرل زراعت( توسیع)، ڈاکٹر عابد محمود دائریکٹر جنرل زراعت(ریسرچ)، شہزاد صابر چیف سی پیک سیل ،محمد رفیق اختر ڈائریکٹر نظامت زرعی اطلاعات پنجاب سمیت محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز ومیڈیا کے نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ وزیر زراعت پنجاب نے اس موقع پر مزید کہا کہ زرعی برآمدات میں اضافے کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور چین کے ساتھ زراعت کی تجارت کیلئے ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے۔انھوں نے یہ بھی بتایا کہ محکمہ زراعت میں قائم سی پیک سیل نہ صرف نجی شعبے کے لئے زرعی تجارت کو فروغ دینے میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے بلکہ کاشتکاروں اور برآمد کنندگان میں سی پیک کے حوالے سے شعور بھی پیدا کر رہا ہے۔سی پیک سیل کی کاوشوں سے زرعی تجارت کے فروغ کے لئے پاکستان،چین اور ترکی کے مابین8 ایم او یوز(MoUs) پر دستخط ہو چکے ہیں۔