ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کا ملکی تاریخ کی پہلی موبائل ایپ کا افتتاح

176

(اے پی پی)سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امورنوجوانان محمد عاطف خان نے کہاہے کہ سیاحت کے فروغ کیلئے موبائل ایپ کامیابی کی جانب پہلا قدم ہے اب سیاحت کی ترقی کا سفر شروع ہو گیا ہے، سیاحت کے فروغ سے نہ صرف صوبے میں سیاح آئینگے بلکہ ملکی معیشت بھی مستحکم ہو گی ہماری کوشش ہے کہ پانچ سالوں میں ایک کروڑ غیر ملکی سیاح آئیں جس سے دس ارب ڈالر پاکستان آئینگے۔ان خیالات کااظہارانہوںنے ملکی تاریخ کی پہلی ٹورازم موبائل ایپ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موبائل ایپ کے ذریعے سیاح اب گھر بیٹھے سیر و تفریح کیلئے اپنے پلان ترتیب دے سکیں گے، اس موبائل ایپ سے سیاحوں کو صرف ایک کلک پر صوبے بھر کے سیاحتی، تاریخی مقامات، جھیلیں، وادیاں، آبشاریں، سیاحتی مقامات پر موجود ہوٹلز کی بکنگ، ریسٹورنٹس، سیاحتی مقامات میں موسم کی صورتحال، ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں کے رابطہ نمبر، ٹورپیکیجز، سیاحتی مقامات کی رابطہ سڑکیں، پیڑول پمپس، طبی سہولیات اور دیگر بہت کچھ باآسانی تفصیلی معلومات میسر ہو سکے گی، موبائل ایپ کے ذریعے اب شہری کسی بھی نئے سیاحتی مقام کی نشاندہی کرکے محکمہ سیاحت کی اس ایپ پر اپ لوڈ کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ سیاح موبائل ایپ کے ذریعے سیاحتی مقامات سے متعلق اپنی رائے بھی دے سکیں گے، موبائل ایپ کے ذریعے سیاح سوشل میڈیا کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے سمیت تجربات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔موبائل ایپ کا افتتاح سینئر وزیر برائے سیاحت و کھیل عاطف خان نے پشاور کے مقامی ہوٹل میں کیا، اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر نے نئے سیاحتی لوگو کی رونمائی بھی کی، تقریب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی و چیئرمین نیشنل ٹورازم بورڈ زلفی بخاری،ممبر صوبائی اسمبلی محمد آصف، جائنٹ سیکرٹری وزیراعظم سیکرٹریٹ طارق خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی، سیکرٹری محکمہ سیاحت کامران رحمان، ایڈیشنل سیکرٹری بابر خان، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن جنید خان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک، پراجیکٹ ڈائریکٹر کائٹ توصیف خالد، ورلڈ بینک کے عہدیداران، سی ای او ایل ایم کے ٹی عاطف رائیس اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی و چیئرمین نیشنل ٹورازم بورڈ زلفی بخاری نے کہا کہ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا اور صوبائی حکومت کی سیاحت سے متعلق ایپ بہت بڑی کامیابی ہے اور یہ دیگر باقی صوبوں کیلئے ایک روڈ میپ ہے۔