کمزور طبقات کی مدد کار خیر ہے جس سے اللہ تعالی خوش ہوتا ہے

422

لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ کمزور طبقات کی مدد ایسا کار خیر ہے جس سے اللہ تعالی کی رضا حاصل ہوتی ہے،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت فلاح عامہ کے ایسے منصوبے لارہی ہے جن سے عام آدمی کی زندگی میں آسانیا ں پیدا ہوں گی،ایسا فلاحی معاشرہ تشکیل دیں گے جس میں کمزور اور محروم معیشت طبقات کو تحفظ حاصل ہو۔اس مقصد کے لیے حکومت پنجاب احساس پروگرام کا آغاز کررہی ہے۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ان خیالات کا اظہار اپنے کیمپ آفس میں غربا میں مالی امداد کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے غریب خاندانوں میں 10,10 ہزارروپے مالیت کے چیک تقسیم کیے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بے سہارا افراد کے لیے پناہ گاہوں کا قیام،سستے گھروں کی فراہمی کا پروگرام اور صحت کارڈ کا اجرا فلاحی ریاست کے قیام کی جانب اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف صرف وعدوں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھی ہے اور حکومت نے بے مثال فلاحی پروگرام شروع کرکے اس کا ثبوت بھی دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 3ارب روپے کی لاگت سے باہمت بزرگ پروگرام شروع کیا جارہا ہے جس کے تحت 65سال سے زائد عمر کے ایک لاکھ 50 ہزار بزرگوں کو 2ہزار روپے ماہانہ مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ معذور افراد اور ان کے خاندانوں کی مشکلات میں کمی کے لیے ہم قدم پروگرامکے لیے بجٹ میں -3ارب 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں اور اس پروگرام کے تحت 2 لاکھ سے زائد افراد کو 2ہزار روپے ماہانہ کی مالی امداد دی جائے گی۔بیواں اور یتیم بچوں کی کفالت کے لیے سرپرست پروگرام بنایا گیا ہے جس کے تحت بیوہ خواتین کو 2ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع کے لیے بے سہارا افراد کے لیے پناہ گاہوں کے قیام کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔ آئندہ مالی سال میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں 9پناہ گاہیں بنائی جائیں گی۔صحت انصاف کارڈکے فقید المثال منصوبے کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ غریب لوگ اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کو حقیقی معنوں میں خوشحال،ترقی یافتہ اور فلاحی صوبہ بنانا ہمارا عزم ہے اور اس مقصد کے حصول کیلیے دن رات ایک کر دیں گے۔صوبائی وزیر نے اپنے کیمپ آفس میں کھلی کچہری بھی لگائی اور لوگوں کے مسائل بھی سنیں۔ بعض مسائل کے حل کیلیے موقع پر احکامات بھی جاری کیے۔