قادیانیوں پر لگائی گئی پابندیوں پر عمل کروانا حکومت کی ذمے داری ہے

214

لاہور (نمائندہ جسارت) تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامعہ جلالیہ رضویہ مظہر اسلام داروغہ والالاہور میں عظیم الشان’’ حقوقِ مصطفی ﷺ‘‘کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔جسکی صدارت علامہ غلام مرتضیٰ صدیقی نے کی۔حقوقِ مصطفیﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہﷺو تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا آئین میں قادیانیوں پر لگائی گئی پابندیوں پر سختی سے عمل کروانا حکومت کی ایمانی اور آئینی ذمہ داری ہے۔رسول اکرم ﷺ کو اللہ تعالی کی طرف سے دیے ہوئے حقوق میں سے ایک حق یہ ہے کہ آپ کے بعد کوئی اپنے آپ کونبی نہ کہلوائے اور نہ ہی اسے کوئی نبی کہے۔قادیانیوں کو کھلی چھٹی دینا اللہ تعالی کے احکام سے بغاوت اور حقوق مصطفیﷺ پر معاذ اللہ بہت بڑا حملہ ہے۔اللہ تعالی کی طرف سے حقوق مصطفی ﷺ کی ادائیگی پر زور دیا گیا ہے۔حقوق مصطفیﷺ کی ادائیگی ہماری دنیاوی خوشحالی اور اُخروی نجات کیلیے ضروری ہے۔حقوق مصطفیﷺ کو پس پشت ڈالنے والے پستی کا شکار ہو جاتے ہیں۔امریکہ یار رکھے ہمیں اپنے حقوق کی وہ ڈیمانڈ نہیں جو حقوق مصطفیﷺ کی ڈیمانڈ ہے۔چنانچہ یورپ کے کہنے پر ہم اپنے ملک میں وہ مذہبی آزادی نہیں دے سکتے جو احکام خدا وندی سے بغٖاوت اور حقوق مصطفیﷺ پر حملہ قرار پاتی ہو ۔ہمارا دین ہمیں ہمارے رسول ﷺ کی چاد رکو میلا کہنے کی اجازت بھی نہیں دیتا اگر ارادئہ عیب سے اتنی بات بھی کہے گا تو گستاخ قرار پائے گا۔ قرآن کے مطابق رسول اللہ ﷺ کیلیے کوئی نازیبالفظ زبان پر لانا تو بڑی دور کی بات ہے ایمان دار ہونے کیلیے ضروری ہے کہ دل میں میلا خیال بھی نہ آئے۔کانفرنس میں علا مہ محمد مظہر اقبالی نورانی،علامہ محمد صابر ،پروفیسر احمد حسن فاروقی ،علامہ محمد وقاد احمد نقشبندی ،علامہ محمد عبدالطیف توگیروی،علامہ محمد صدیق صوفی،علامہ محمد اکبرعلی نقشبندی،قاری محمد اصغر جلالی و دیگر نے شرکت کی۔